عمران خان اور پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات آج ہوگی
پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم جیل میں ملاقات کے بعد اپنے تحریری مطالبات پیش کرے گی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کی ملاقات آج ہوگی۔
ذرائع کے مطابق مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات آج دوپہر ہوگی، ملاقات کے لیے مذاکراتی کمیٹی کے ارکان دن 2 بجے اڈیالہ جیل جائیں گے۔
ملاقات کے لیے مذاکراتی ٹیم کے ممبران کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔اسد قیصر، علی امین گنڈاپور، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، سلمان اکرم راجہ اور سینیٹر ناصر عباس ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کریں گے۔ ملاقات میں چاٹر آف ڈیمانڈ پر حتمی اجازت بھی لی جائے گی۔
قبل ازیں، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سابق اسپیکر اسد قیصر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ تحریک انصاف کے دونوں رہنماؤں نے باضابط طور پر پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے ملاقات کی درخواست کی۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں رہنماؤں کے پیغام سے حکومت کو آگاہ کر دیا ہے، اسپیکر نے صرف پیغام رسانی کا کردار ادا کیا کہ مذاکراتی کمیٹی کی بانی سے حکومت ملاقات کروا دے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز، پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے درمیان رابطہ قائم ہونے کے بعد عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
پی ٹی آئی اور حکومت کے مذاکرات کے معاملے پر عمر ایوب کے پیغام کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر اور عمر ایوب سے رابطہ کیا۔
ذرائع کے مطابق عمر ایوب نے اسپیکر ایاز صادق کو آج دن میں موبائل پر میسج بھیجا تھا۔
اسپیکر ایاز صادق کے رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی مذاکراتی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملے پر بات چیت کی جس پر ایاز صادق نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانا پہلے بھی میری ذمہ داری نہیں تھی اور اب بھی نہیں ہے تاہم مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کروانے کی کوشش کروں گا۔
پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم جیل میں ملاقات کے بعد اپنے تحریری مطالبات پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں جبکہ تیسرا دور بدھ کو ہونا ہے۔