کینیا میں چھوٹا مسافر طیارہ ہائی وے پر کریش لینڈنگ کے دوران تباہ، 3 افراد ہلاک

طیارے نے مالندی ہوائی اڈے سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے ولسن ہوائی اڈے کے لیے اڑان بھری تھی


کینیا (قدرت روزنامہ)کینیا میں چھوٹا مسافر طیارہ ہائی وے پر کریش لینڈنگ کے دوران تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ٹیکسی ڈرائیور سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’این ٹی وی کینیا‘ کی رپورٹ کے مطابق کینیا کے ساحلی علاقے مالندی کاؤنٹی میں ایک چھوٹا مسافرطیارہ ہائی وے پرکریش لینڈنگ کے دوران تباہ ہوگیا، حادثے میں 3افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
کلیفی کاؤنٹی پولیس کمانڈر جوزف اونگوے نے بتایا کہ طیارے نے مالندی ہوائی اڈے سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے ولسن ہوائی اڈے کے لیے اڑان بھری تھی تاہم اڑان کے کچھ ہی دیر بعد طیارے میں مکینیکل خرابی پیدا ہو گئی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 52 منٹ پر طیارہ ہوائی اڈے سے تقریبا 2 کلومیٹر دور گر کر تباہ ہو گیا۔کلیفی کاؤنٹی کے پولیس کمانڈر جوزف اونگوے نے کہا کہ یہ ایک معمول کی تربیتی پرواز تھی، حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
جوزف اونگوے نے کہا کہ طیارے میں ایک پائلٹ، ایک انسٹرکٹر اور ٹرینی سوار تھے اور معجزانہ طور پر تمام افراد زندہ بچ گئے تاہم ہنگامی لیڈنگ کے دوران طیارہ ہائی وے پر موجود ٹیکسی اور موٹرسائیکلوں سے ٹکرایا۔
طیارے میں موجود پائلٹ اور دونوں مسافر حادثے سے قبل چھلانگ لگا کر جان بچانے میں کامیاب رہے تاہم اس دوران انہیں معمولی چوٹیں آئیں اور اس وقت وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے کے دوران 2 موٹر سائیکل سوار اور ایک ٹیکسی ڈرائیور ہلاک جب کہ 3 افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔
ایک عینی شاہد کینیڈی موانگی نے بتایا کہ طیارہ ہائی وے پر موٹر سائیکلوں سے ٹکرایا اور کچھ دیر بعد اس میں دھماکا ہوا جب کہ ایک نوجوان نے اپنی موٹر سائیکل بچانے کی کوشش کی جس سے وہ خود بھی بری طرح جھلس گیا۔
حادثے کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جس مقام پر طیارہ گرا، وہاں طیارے کے کچھ حصے سڑک کے ایک کنارے پر گرے ہوئے ہیں اور ایک حصے میں آگ لگی ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *