برین سٹروک کی وجہ سے ہسپتال میں داخل مزاحیہ اداکار ٹیکو تلسانیا کےبارے میں اہم خبر آگئی
ممبئی (قدرت روزنامہ) معروف بھارتی اداکار ٹیکو تلسانیا کو جمعہ کے روز ممبئی کے کوکیلا بین دھیروبھائی امبانی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں برین سٹروک کی وجہ سے ہسپتال لے جایا گیا تھا۔ اب ان کی بیٹی شکھا تلسانیا نے اپنے والد کی صحت کے بارے میں اپڈیٹ دی ہے۔ شکھا نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ان کے والد اب کافی بہتر ہیں۔
شکھا نے لکھا “آپ سب کی دعاؤں اور فکر کے لیے شکریہ۔ یہ وقت ہمارے لیے جذباتی تھا، لیکن ہمیں یہ خوشی ہے کہ والد اب کافی بہتر ہو رہے ہیں اور صحت یابی کی طرف گامزن ہیں۔ ہم کوکیلا بین امبانی ہسپتال کے ڈاکٹروں اور عملے کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے بہت مدد کی اور ان کے مداحوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں بے پناہ محبت بھیجی۔”
پہلے رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ٹیکو تلسانیا کو دل کا دورہ پڑا ہے لیکن ان کی اہلیہ دیپتی تلسانیا نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ انہیں برین سٹروک ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اداکار نے جمعرات کے روز ایک فلم سکریننگ میں شرکت کی تھی اور شام آٹھ بجے کے قریب ان کی طبیعت خراب ہونا شروع ہو گئی۔
ٹیکو تلسانیا نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1986 کی فلم پیار کے دو پل سے کیا۔ اپنی مزاحیہ اداکاری کے لیے مشہور ٹیکو کئی مشہور فلموں کا حصہ رہے ہیں جن میں “ہم ہیں راہی پیار کے”، “انداز اپنا اپنا”،”قلی نمبر ون” ،” راجہ ہندوستانی” ،” جڑواں” ، “بڑے میاں چھوٹے میاں” ،” راجو چاچا “، “ہنگامہ” اور “دھمال “شامل ہیں۔
ٹیکو تلسانیا کو حال ہی میں فلم” وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو میں” راج کمار راؤ اور ٹرپتی ڈمری کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔اداکار نے متعدد ٹی وی شوز میں بھی کام کیا، جن میں “یہ دنیا غضب کی”، “زمانہ بدل گیا”،” ایک سے بڑھ کر ایک”، “اتران”، اور” سجن رے پھر جھوٹ مت بولو “شامل ہیں۔