پیر سے پاکستان کیلئےکچھ اچھا ہونے جا رہا ہے، فیصل واوڈا
کراچی(قدرت روزنامہ)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ پر عمران خان سے کہا تھا یہ نہ کریں، آپ کو سزا ہوگی، پیر سے پاکستان کیلئےکچھ اچھا ہونے جا رہا ہے، حکومت اس کا اعلان کرنا چاہتی ہے تو میں ان کو کریڈٹ لینے دوں گا۔
کراچی میں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہناتھاکہ پروپیگنڈا چلانے کی کوشش کی کہ کیس میں تاخیر مذاکرات کے باعث ہوئی، آج کی پریس کانفرنس کے 2 سے 3 مقاصد ہیں، پی ٹی آئی سے بیک ڈور مذاکرات کا پروپیگنڈا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کومروانے تک کی سازش ان کے قریبی لوگوں نے کی، دوسراپروپیگنڈاچل رہا تھا کہ مذاکرات چل رہے ہیں، اندرونی اور بیرونی پریشر ہے، ڈرامہ تھاکہ پریشرہے، بین الاقوامی پریشر ہے، یہ ڈراماختم ہوا، مقبول ہونے کا یہ مقصد نہیں کہ آپ ہر چیز سے بالاتر ہیں، آپ نے غنڈاگردی کر کے بھی دیکھ لی کچھ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھاکہ 190 ملین پاؤنڈ پر بانی سے کہا تھا یہ نہ کریں، آپ کو سزا ہوگی، جب یہ کام ہورہا تھامجھے پتاتھا چوری کی سزا ہونی ہی ہونی ہے، میں نے پہلے ہی بانی پی ٹی آئی کوکہاتھا کہ ایسے کام نہ کریں نیب کا کیس بن جائے گا، اس سےکسی نے بھی فائدہ اٹھایا دستخط تو آپ نے کیے۔فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ ہمارے خطے کے اندر پاکستان واضح ہوکر نظر آئے گا، ہماری فوج نے اپنے خون کی بہت قربانی دی ہے، 20 جنوری سے پی ٹی آئی نظریں جما کربیٹھی ہے، انہیں مایوسی ہونے والی ہے، پاکستان کو زبردست قسم کی کامیابی ملنے والی ہے، پاکستان میں معاشی استحکام نظر آرہا ہے، سپہ سالار اچھا کام کر رہے ہیں تو کریڈیٹ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پیر سے پاکستان کیلئےکچھ اچھا ہونے جا رہا ہے، حکومت اس کا اعلان کرنا چاہتی ہے تو میں ان کو کریڈٹ لینے دوں گا، ہمارے سپہ سالار پاکستان کو اس موڑ پر لے کر آئے ہیں جو بیک ڈور ڈپلومیسی آرمی چیف نے کی ہے اس کا پاکستان کو فائدہ ہوگا، معیشت کیلئے خوشخبری ہے، حکومت نے اس میں ایک اچھا کردار ادا کیا، اس کا پاکستان کو فائدہ ہوا اور بانی پی ٹی آئی کیلئےسرپرائز ہے۔ان کا کہناتھاکہ میں لڑائی 4سال سے روکنے کی کوشش کررہا تھا مگربانی پی ٹی آئی نہ رُکے، خدارا، بانی پی ٹی آئی کے ساتھی ان کی جان بخش دیں، بانی پی ٹی آئی کو کہتا ہوں کہ خدارا! مذاکرات سنجیدگی سے کریں، وہی فوج جو بہت بری تھی اب بہت اچھی ہونے والی ہے، ان کے لوگ بھی دیکھ رہے ہیں کہ یہ ہمیں کس طرف لے جارہے ہیں۔حکومت پی ٹی آئی مذاکرات کے حوالے سے فیصل واوڈا کا کہنا تھاکہ حکومت اور پی ٹی آئی چھپن چھپائی کھیل رہے ہیں، مذاکرات کا حامی ہوں مگر بات چیت مخلص ہونی چاہیے، آپ ان کا چہرہ دیکھ لیں کیا یہ آپ کو سنجیدہ لگتے ہیں؟ اگربیک ڈور مذاکرات ہوتے تو یہ لوگ بھیک کا کٹورہ لے کر کھڑے ہوتے؟ آپ نے ریاست پر حملہ کیا، فورس پرحملہ کیا، بانی پی ٹی آئی کو کوئی ایگزیکٹو آرڈر نہیں ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ہوا بانی پی ٹی آئی کے نہیں پاکستان کے حق میں چلی ہے، ارشد شریف کا کیس باقی ہے، ابھی بہت کچھ باقی ہے، بانی پی ٹی آئی بہت بری طرح پھنس گئے ہیں، مجھے آج بھی ان کی جان سے متعلق خدشات ہیں۔