لاس اینجلس آگ: دنیا کی سب سے بڑی لاٹری جیتنے والے شخص کا محل بھی جل کر راکھ بن گیا
لاس اینجلس(قدرت روزنامہ)امریکی شہر لاس اینجلس میں لگی تاریخ کی بدترین آگ نے دنیا کی سب سے بڑی لاٹری کا انعام جیتنے والے شخص کا محل بھی راکھ میں تبدیل کر دیا۔
امریکی شہر لاس اینجلس میں منگل سے لگی تاریخ کی بدترین آگ پر قابو نہ پایا جاسکا ۔12 ہزار سے زائد مکان اور عمارتیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں ، 2 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
کچھ علاقوں میں فوری انخلا کے نئے احکامات جاری کردیے گئے ، اس آگ میں 16افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، 13 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔
آگ سے نقصان کا ابتدائی تخمینہ تقریباً 150 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
پیسیفک پےلی سیڈس کا علاقہ آگ سے بری طرح تباہ ہوگیا ہے یہ وہ علاقہ ہے جہاں ہالی وڈ کے اے لسٹرز اور ارب پتی افراد کے گھر ہیں۔
آگ کے نتیجے میں کم کارڈیشن سمیت کئی نامور ہالی وڈ سیلبریٹیز اربوں روپے مالیت کے گھر خالی چھوڑ کر دیگر علاقوں میں منتقل ہوگئی ہیں جب کہ کئی معروف شوبز شخصیات کے گھر آگ کی لپیٹ میں آگئے۔
اس آگ میں جہاں ہزاروں گھر راکھ بن گئے اس میں ایک عالیشان محل کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایڈون کاسترو کا بھی تھا، جس نے گزشتہ سال دنیا کی سب سے بڑی لاٹری کا انعام جیتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایڈوین کاسترو نےگزشتہ سال فروری میں لاٹری ٹکٹ میں 2 ارب ڈالر سے زائد کا انعام جیتا تھا جس کے بعد انہوں نے 25 ملین ڈالر سے زائد میں ہالی وڈ ہلز میں ایک پرتعیش محل خریدا تھا۔
ایڈون کاسترو کی ملکیت والی جائیداد میں 5 بیڈرومز اور6 باتھ رومز شامل تھے اور یہ مشہور شیٹو مارمونٹ ہوٹل کے اوپر واقع تھی۔
لیکن بدقسمتی سے ایڈون کاسترو کی چھٹیاں منانے کی جگہ ہولناک آگ میں تباہ ہو گئی۔
ایڈون کاسترو کا یہ محل معروف مشہور شخصیات گلوکارہ آریانا گرانڈے، اداکارہ ڈکوٹا جانسن کی رہائش گاہ کے برابر میں قائم تھا۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کا شہر لاس اینجلس امریکا کی فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کا مرکز ہے۔
7 جنوری کو شہر کے مغربی حصے میں بھڑک اٹھنے والی آگ نے عام لوگوں کے ساتھ یہاں پنپتی ہالی وڈ انڈسٹری کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔
اس آگ سے صرف اداکار اور ان کی رہائشگاہیں ہی متاثر نہیں ہوئیں بلکہ اکیڈمی ایوارڈ کے لیے پیش کی جانے والی نامزدگیاں، فلموں کے پریمئیر اور دیگر ہالی وڈ تقریبات بھی مؤخر کردی گئی ہیں۔