اگر کوئی آرمی آفیسر آئین کو معطل کرتا ہے تو کیا سزا ہے؟جسٹس مسرت ہلالی کا خواجہ حارث سے استفسار
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سپریم کورٹ آئینی بنچ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس مسرت ہلالی نے وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث سے استفسار کیا کہ اگر کوئی آرمی آفیسر آئین کو معطل کرتا ہے تو کیا سزا ہے؟خواجہ حارث نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 6میں آئین کو معطل کرنے کی سزا ہے،آئین کاآرٹیکل 6ہر قانون پر فوقیت رکھتا ہے،آرمی ایکٹ میں حلف کی خلاف ورزی کی سزا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت ہوئی، جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 7رکنی آئینی بنچ نے سماعت کی،دوران سماعت وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے کہاکہ سپریم کورٹ نے آرمی ایکٹ کی سیکشن 59(4)کو بھی کالعدم قرار دیاہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ آرمی ایکٹ میں کئی جرائم کا ذکر بھی موجود ہے، ایکٹ کے مطابق تمام جرائم کااطلاق فوجی افسران پر ہوگا، خواجہ حارث نے کہاکہ سویلینز کا ٹرائل آرمی ایکٹ کی سیکشن 31ڈی کے تحت آتا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ سیکشن 31ڈی توفوجیوں کو فرائض کی انجام دہی سے روکنے پر اکسانے سے متعلق ہے،خواجہ حارث نے کہاکہ فوجی عدالتوں کو آئین نے بھی تسلیم کیا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ فوجی عدالتوں میں کیس کس کا جائے گا یہ دیکھنا ہے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے کہاکہ آئین تو بہت سے ٹریبونلز کی بھی توثیق کرتا ہے،دیکھنا صرف یہ ہے کہ کون سے کیسز کہاں اور کیسے سنے جا سکتے ہیں،مسئلہ یہاں پروسیجر کا ہے کہ ٹرائل کون کرے گا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ کیا سویلین کاملٹری ٹرائل کورٹ مارشل کہلاتا ہےَخواجہ حارث نے کہاکہ ملٹری کورٹس میں کورٹ مارشل ہی ہوتا ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ اگر کوئی آرمی آفیسر آئین کو معطل کرتا ہے تو کیا سزا ہے؟خواجہ حارث نے کہاکہ آئین کے آرٹیکل 6میں آئین کو معطل کرنے کی سزا ہے،آئین کاآرٹیکل 6ہزار قانون پر فوقیت رکھتا ہے،آرمی ایکٹ میں حلف کی خلاف ورزی کی سزا ہے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ عدلیہ مارشل لاء کی توثیق کرتی رہی،کیا غیرآئینی اقدام پر ججز بھی آرٹیکل 6کے زمرے میں آتے ہیں،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ پرویز مشرف کیس میں ججز کے نام لئے گئے تھے،سنگین غداری ٹرائل میں بعد ازاں ججز کے نام نکال دیئے گئے۔
بعدازاں سویلینز کے ملٹری کورٹ میں ٹرائلز کیخلاف اپیل پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔