برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کے لئے بڑی خوشخبری آگئی
پی آئی اےاورسول ایوی ایشن نےپچھلے 4 سال انتھک محنت کی،آج یورپ کیلئے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بحال ہورہا ہے،خواجہ آصف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے برطانیہ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی اور کہا براہ راست پروازیں جلد شروع ہوجائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ہوا بازی خواجہ آصف نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اےاورسول ایوی ایشن نےپچھلے 4 سال انتھک محنت کی،آج یورپ کیلئے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بحال ہورہا ہے، یہ سب اجتماعی محنت کا نتیجہ ہے، میں سب کو مبارکباد دیتا ہوں، ان 4سالوں میں پی آئی اے نے کئی سو ارب کا نقصان اٹھایا۔
وزیر ہوا بازی کا کہنا ہے کہ اس وقت پی آئی اےپر800 ارب کاقرضہ ہے، پی آئی اے کیلئےسب سےزیادہ منافع بخش رووٹس بند ہوگئے تھے، پچھلی حکومت کے منسٹر کے اسمبلی میں دیے گئے بیان نےناقابل تلافی نقصان پہنچایا، اس وجہ سے پاکستانی اور ان کے پیارے ڈائریکٹ پاکستان نہیں آسکتے تھے۔
انھوں نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ انشااللہ یورپ کے بعد برطانیہ کیلئے بھی پی آئی اے کی براہ راست پروازیں جلد شروع ہوجائیں گی اور آنے والے دنوں میں برطانیہ کےلیے بھی فلائٹس کا اجرا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پی آئی اے کے ذریعے یورپ کی مارکیٹ کو دوبارہ ٹیک اوور کرنا ہے، پروازوں کی بحالی کیلئےخواجہ سعد رفیق نے بہت کام کیا تھا، شہباز شریف نے مسلسل پروازوں کی بحالی کے عمل کو مانیٹر کیا، وزیر اعظم کا شکر گزار ہوں اللہ تعالیٰ پی آئی اے کو کامیاب کرے۔