سیکیورٹی فورسز کی پاک افغان سرحد کے قریب کامیاب کارروائی،افغان جاسوس ہلاک

افغانستان فرار ہوتے ہوئے افغان جاسوس کو ہلاک کیا گیا، وہ افغان خفیہ ایجنسی کیلئے پاکستان میں کام کررہا تھا، ذرائع


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)11 جنوری 2025 کوپاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے افغان جاسوس کو ہلاک کردیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے افغانستان فرار ہوتے ہوئے افغان جاسوس کو ہلاک کردیا، جہنم واصل کیے جانے والے دہشتگرد کی شناخت محمد خان احمد خیل ولد حاجی محمد قاسم داوراں خان کے نام سے ہوئی۔
ذرائع کے مطابق 48 سالہ دہشتگرد محمد خان عرف عبداللہ افغان صوبے پکتیکا کا رہائشی تھا، ہلاک افغان دہشتگرد سے افغان شناختی کارڈ بھی برآمد کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد محمد خان عرف عبداللہ افغان خفیہ ایجنسی کیلئے پاکستان میں کام کررہا تھا، دہشتگرد محمد خان افغانستان سےاسلحہ اور گولہ بارود پاکستان کے قلعہ سیف اللہ، ژوب اور لورالائی میں دہشت گردوں کو سمگل کرتا تھا، سمگل شدہ اسلحہ پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں استعمال ہوتا تھا۔
دفاعی ماہرین نے کہا کہ گزشتہ کافی عرصے سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں،پاکستان نے متعدد بار افغان عبوری حکومت کو دہشتگردی کےحوالے سے ثبوت فراہم کیے لیکن افغان حکومت خارجی دہشت گردوں کیخلاف کوئی موثر اقدام اٹھانے میں ناکام رہی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان کے پاس افغانستان سے دراندازی اور دہشتگردی کے بے شمار واقعات کے ثبوت موجود ہیں، ان ٹھوس شواہد کے بعد افغان حکومت کے کھوکھلے دعوے ایک بار پھر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں، افغان حکومت کو اپنی دوغلی حکمت عملی کو ترک کر کے خارجی دہشتگردوں کی سرکوبی کرنی ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *