’سب سے بڑی دشمنی‘: پاک بھارت کرکٹ سے متعلق نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری کب ریلیز ہورہی ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے میدان میں ہونے والا ہر میچ ایک جنگ کی صورت اختیار کرلیتا ہے، جس میں دونوں ملکوں کے عوام بھی کود پڑتے ہیں۔ روایتی حریفوں کے درمیان کھیل کے میدان میں پائی جانے والی یہ دشمنی دنیا بھر میں مقبول ہے، یہی وجہ ہے کہ ایونٹ کوئی بھی ہو اور کہیں بھی ہو، ان دونوں ٹیموں کے مابین ہونے والے میچ میں شائقین کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود ہوتی ہے۔
پاک بھارت کرکٹ سے منسلک عوامی جذبے اور جوش و خروش کے علاوہ میچ میں پائی جانے والی سنسنی خیزی اور تندوتیزی کی بھی دنیا دیوانی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان میچ میں لگنے والے ہر چھکے اور ہر کیچ پر برپا ہونے والا طوفان لوگوں کے لیے کسی سسپینس اور تھرل سے بھرپور فلم سے کم نہیں ہوتا۔
معروف اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے کرکٹ فینز کے لیے پاک بھارت ٹاکروں میں پائے جانے والے ایسی ہی ڈراموں اور سنسنی خیز لمحات کو دستاویزی فلم کی شکل میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نیٹ فلکس کے مطابق، یہ دستاویزی فلم اسٹریمنگ کے لیے 7 فروری سے دستیاب ہوگی۔
اس ڈاکیومنٹری میں پاک بھارت کرکٹ کی تاریخ کو نہایت دلچسپ انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ دستاویزی فلم میں سینیئر کھلاڑیوں وریندر سہواگ، ساروو گنگولی، سنیل گواسکر اور شعیب اختر بھی سنسنی خیز انکشافات کرتے نظر آئیں گے۔
اس دستاویزی فلم میں روی چندرن ایشون، وقار یونس، جاوید میانداد اور انضمام الحق کے انٹرویوز بھی شامل کیے گئے ہیں۔ فلم میں پاک بھارت کرکٹ کے علاوہ دونوں ملکوں کے روایات اور ثقافت کو بھی منفرد انداز میں بیان کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *