فاسٹ بولر احسان اللہ نے پی ایس ایل کے بائیکاٹ کا اعلان کیوں کیا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فاسٹ بولراحسان اللہ کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ کیونکہ یہ دنیا اور لوگ بھی مطلبی ہیں۔
ایک انٹرویو میں احسان اللہ نے کہا کہ وہ اب فرنچائز کرکٹ نہیں کھیلیں گے اور زندگی رہی تو پی ایس ایل میں کبھی نظر نہیں آئیں گے۔ انہوں نے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی ان سے رابطہ نہیں کیا۔
میزبان نے احسان اللہ سے سوال کیا کہ علی ترین نے آپ سے رابطہ نہیں کیا وہ تو آپ کو بہت سپورٹ کرتے تھے۔ جس پر ان کا کہنا تھا کہ ان سے کسی نے بھی رابطہ نہیں کیا، علی ترین کو کوئی اور ملتا ہے تو وہ ان کے ساتھ چلے جاتے ہیں، وہ مجھے نہیں میرے ٹیلنٹ کو سپورٹ کرتے تھے۔
احسان اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل شروع ہونے میں ابھی 4 مہینے ہیں۔ اس سال بھی کوئی ان پر اعتبار کر کے ٹیم میں رکھ سکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان چھوڑ کر دبئی یا انگلینڈ چلا جاتا ہوں۔
احسان اللہ کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر مختلف تبصرے کیے گئے۔ قادر خواجہ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ شہر کے لوگ وی ظالم سی کچھ سانوں مرن دا شوق وی سی۔
انضمام سجاد لکھتے ہیں کہ احسان اللہ بہت ٹیلنٹڈ بولر تھا لیکن کچھ اپنی اور کچھ پی سی بی کی غلطیوں کی وجہ سے اس کا کیرئیر ختم ہو گیا۔ اسی لیے کہتے بڑی بڑی باتیں نہیں کرنی چاہیے۔
ایک صارف نے احسان اللہ کو پی ایس ایل میں نہ لینے کا ذمہ دار علی ترین کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کہا تھا کہ احسان اللہ انجری کے بعد عام بولر بن گیا ہے۔
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ احسان اللہ ایک بے وقوف شخص ہے جو یہ سوچتا تھا کہ وہ دنیا کا بہترین بولر ہے۔
برق رفتارفاسٹ بولراحسان اللہ نے 2023 میں پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی، جس کے بعد انھیں اپریل میں 2023 میں ہی پاکستانی ٹیم کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ون ڈے میچ بھی کھلایا گیا تھا لیکن انجری کے سبب وہ دوسرا میچ نہیں کھیل سکے۔
احسان اللہ ملتان سلطانز کے لیے 14 میچ کھیل چکے ہیں، جن میں انھوں نے 23 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ان کو گزشتہ ایک سال سے کہنی کی انجری کا مسئلہ درپیش ہے، اس دوران ان کا آپریشن اور انگلینڈ میں چیک اپ بھی ہوچکا ہے۔
ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پی ایس ایل ڈرافٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ احسان اللہ کو انجری کی وجہ سے ہم نے ریٹین نہیں کیا۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ پی ایس ایل کے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر لیگ کو بہتر بنائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *