اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے حکومت کو عمران خان پر مقدمات روکنے کا کہا، عون بپی کا بڑا دعویٰ

17 جنوری کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی موجود بھی ہوئے تو شک ہے فیصلہ نہیں سنایا جائے گا، پی ٹی آئی رہنما


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور سینیٹر عون عباس بپی نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے حکومت کو بانی پی ٹی آئی عمران خان پر مقدمات روکنے کا کہا ہے۔
یاد رہے کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا ہے اور اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت وفاقی وزراء کی ان سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔
پیر کی رات سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عون عباس بپی نے مہمان صدر کے حوالے سے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران حکومت کو بانی پی ٹی آئی پر مقدمات روکنے کا کہا ہے۔
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عون عباس بپی کا کہنا تھا کہ 17 جنوری کو بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی موجود بھی ہوئے تو شک ہے فیصلہ نہیں سنایا جائے گا، انہوں نے سزا سنانی ہے جو پیچھے سے لکھی ہوئی آئے گی۔
عون عباس بپی کا کہنا تھا کہ حکومت کو انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کا دباؤ محسوس ہو رہا ہے اور کوئی یہ دباؤ نہیں ڈالتا کہ انہیں رہا کر دیں بلکہ وہ کہتے ہیں جو آپ کر رہے ہیں وہ غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای کے صدر نے کہا ہے جو غلط مقدمات بنائے جا رہے ہیں وہ روکیں اور اس سے حکومت کو اندازہ ہو رہا ہے کہ ہواؤں کا رُخ بدل رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز فارم 47 پر الیکشن جیت کر آئیں ہیں اور بات چیت کیلئے ریاست کو اعتماد سازی کرنا ہوگی۔
طلال چوہدری
مذکورہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ( نواز ) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جن باتوں کا وجود نہیں ہوتا یہ ( پی ٹی آئی ) انہیں بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں، سعودی عرب ، چین اور ترکیہ ان کے رویوں سے ناراض تھے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جیل کے اندر ہیں اور پتہ نہیں یو اے ای کے صدر کو یہ یاد بھی ہے یا نہیں، پی ٹی آئی کا ڈیل اورڈھیل کا خیال ہے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوگا۔
ن لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ القادر ٹرسٹ کو اسلامک ٹچ دیا گیا، پی ٹی آئی والے ہر چیز کو اسلامک ٹچ دیتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *