کرم میں مورچے مسمار کیے جارہے ہیں، 2018 جیسے پرامن حالات واپس لائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خلاف دن رات کارروائیاں جاری ہیں، کرم میں مورچے مسمار کیے جارہے ہیں، 2018 جیسے پرامن حالات واپس لے کر آئیں گے۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کرم میں حالات معمول پر آرہے ہیں، وہاں خوراک اور ادویات کی فراہمی کی جارہی ہے، امید ہے تمام اسٹیک ہولڈرز امن کے لیے کوشش جاری رکھیں گے، فتنہ الخوارج کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آپریشن کے دوران 27 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا، پاک فوج امن کے لیے قربانیاں دے رہی ہے، انہی قربانیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج دم توڑ جائے گا اور ملک میں 2018 جیسے پرامن حالات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسلامی ممالک میں خواتین کی تعلیم کے حوالے سے ایک شاندار کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا، وزیر تعلیم اور دیگر حکام کی کوششوں سے کانفرنس میں اچھی بات چیت ہوئی اور بہت اچھے مقالے پڑھے گئے، کانفرنس میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اور سعودی وزیر سمیت اسلامی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں 22.8 ملین آؤٹ آف اسکول بچے ہیں، جس میں زیادہ تعداد بچیوں کی ہے، پاکستان میں خواتین کی تعلیم کے لیے چیلنجز کا سامنا ہے جنہیں حل کررنے کے لیے وفاق اور صوبوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کچھ ماہ پہلے شعبہ تعلیم میں ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا، وزیر تعلیم سے گزارش ہے کہ وہ صوبوں کے ساتھ اس مسئلے پر بات چیت کریں، یہ ایک بہت بڑی خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے بنائی گئی ٹاسک فورس اچھا کام کررہی ہے۔