چیمپیئنز ٹرافی: شائقین کرکٹ کا لہو گرمانے کے لیے آئی سی سی نے نیا پرومو جاری کردیا


لاہور (قدرت روزنامہ)آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہونے جارہا ہے، اس سے قبل شائقین کرکٹ کو جوش دلانے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نیا پرومو جاری کردیا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی پروموشنل ویڈیو میں پاکستان کے معروف سابق کرکٹر وسیم اکرم کو نمایاں دکھایا گیا ہے، جو ایونٹ کے لیے وائٹ کوٹ کی اہمیت کو اجاگر کررہے ہیں۔
پاکستان میں ہونے والے آئی سی سی کے میگا ایونٹ سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ یہ ویڈیو وائٹ کوٹ کو عظمت کی علامت قرار دیتی ہے۔
وسیم اکرم ویڈیو میں کہتے ہیں ’اب عالمی کرکٹ کمیونٹی میں ایونٹ کا جوش و خروش پیدا ہوگا، چیمپیئنز ٹرافی میں سب سے مضبوط ٹیم ٹورنامنٹ جیتتی نظر آئے گی۔‘
واضح رہے آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو پاکستان میں ہونے جارہا ہے، تاہم ٹورنامنٹ میں شامل ملک بھارت کے تمام میچز نیوٹرل وینیو دبئی پر ہوں گے، کیونکہ بھارت کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں کھیلا جائےگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *