’اللہ کا نام لے کر زندگی کے نئے باب کا آغاز کر دیا‘، نیلم منیر کی نئی پوسٹ اور شوٹ وائرل
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حال ہی میں رشتہ ازدواج میں بندھنے والی معروف اداکارہ نیلم منیر کا کہنا ہے کہ انہوں نے اللہ کا نام لے کر زندگی کے نئے باب کا آغاز کر دیا ہے، انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
نیلم منیر نے گزشتہ دنوں دبئی میں محمد راشد کے ساتھ شادی کرنے کے بعد اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کیا ہے، جس کے بعد وہ اکثر اپنی شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوتی ہیں۔
پاکستانی اداکارہ نیلم منیر کے شوہرمحمد راشد کا تعلق پاکستان کے شہر میانوالی سے ہے۔ نیلم منیر کے دیور ثمر رانجھا نے بتایا کہ وہ 4 بھائی اور 2 بہنیں ہیں، ان کے بھائی کا اصل نام راشد ہے جبکہ دوستوں میں انھیں شاہد کے نام سے پکارا جاتا ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ بھائی 2006 سے دبئی میں مقیم ہیں وہاں ان کا ٹریول اینڈ ٹوارزم کا بزنس ہے، ساتھ ہی ان کے 3 سے 4 ریسٹورنٹس بھی ہیں۔
ثمر رانجھا کے مطابق محمد راشد اور نیلم منیر کی پہلی ملاقات دبئی میں ریسٹورنٹ میں ہوئی، پھر سوشل میڈیا ایپ اسنیپ چیٹ پر گفتگو ہونے لگی اور دونوں کو ایک دوسرے سے محبت ہوگئی، 2 ڈھائی سال تک دونوں ایک دوسرے سے رابطے میں رہے اور پھر شادی کرلی۔
واضح رہے کہ نیلم منیر ایک مشہور پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلمی اداکارہ ہیں جو اپنی سحر انگیز خوبصورتی اور غیر معمولی اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں۔ نیلم منیر کے کامیاب ڈراموں میں اشک، قیامت، دل نواز، بکھرے موتی، محبت داغ کی صورت، کہیں دیپ جلے، دل موم کا دیا، احرام جنون اور خمار شامل ہیں۔ ان کی مقبول فلموں میں رانگ نمبر اور چکر شامل ہیں۔