امن وامان کے باعث انسپکٹرز کانوں تک نہیں جا سکتے، اپنا کام نہ کرنے والے ملازمین استعفے دے کر گھر بیٹھ جائیں، سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ مائنز اینڈ منرلز اور کان مالکان کے نمائندوں کا ایک اہم اجلاس منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبے میں کان کنی کے دوران پیش آنے والے حادثات اور ان کی وجوہات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ و معدنی ترقی میر شعیب نوشیروانی، خیبر پختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر بلوچستان بابر خان، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون، اسپیشل سیکرٹری مائینز محمد فاروق، ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس کے دوران وزیر اعلی بلوچستان نے حالیہ کوئلے کان حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ مائینز کی معائنہ ٹیموں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے کہ امن و امان کے مسائل کی آڑ میں انسپکٹرز اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کریں۔ وزیر اعلی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “جو ملازمین اپنے فرائض ادا نہیں کرسکتے، وہ مستعفی ہو کر گھر بیٹھ جائیں “وزیر اعلی نے حادثات کے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کارروائی اور سنجدی کان حادثے کے نامزد ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ انہوں نے انسپکٹر کی معطلی اور واقعے کی تحقیقات چیف منسٹر انسپکشن ٹیم (CMIT) کے سپرد کرنے کی ہدایت بھی جاری کی اجلاس میں محکمہ مائینز اینڈ منرلز کو ہدایت کی گئی کہ دنیا میں استعمال ہونے والے جدید مائننگ ماڈیولز اور حفاظتی تدابیر کو اپنایا جائے۔ وزیر اعلی نے مائنز کی باقاعدہ انسپکشن یقینی بنانے اور ریسکیو اینڈ ٹریننگ ونگ کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کی ضرورت پر زور دیا وزیر اعلی بلوچستان نے جاں بحق مزدوروں کے معاوضے کی فوری ادائیگی یقینی بنانے اور تمام کان مزدوروں کی متعلقہ اتھارٹی میں رجسٹریشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمہ مائینز کو ایک جامع پروپوزل مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مطلوبہ وسائل فراہم کرے گی تاکہ حادثات کی روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے وزیر اعلی نے واضح کیا کہ مستقبل میں غفلت کے کسی بھی واقعے کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی حالیہ واقعات کی تحقیقاتی رپورٹ آنے پر غفلت کے مرتکب زمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور لیز منسوخ کی جائے گی اجلاس میں متعلقہ حکام نے وزیر اعلی کو یقین دلایا کہ حادثات کی وجوہات اور حفاظتی اقدامات پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *