پاکستان میں اب پاسپورٹ کتنے دنوں میں مل جایا کرے گا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانیوں کی بڑی تعداد ہر سال حج و عمرہ، سیر و تفریح، پڑھائی یا ملازمت کے سلسلے میں بیرون ملک سفر کرتی ہے، اس سفر کے لیے چونکہ پاسپورٹ کا ہونا بنیادی شرط ہے اس لیے لوگوں کی بڑی تعداد ہر سال پاسپورٹ بھی بناتی ہے۔ گزشتہ سال ملک میں پرنٹنگ مشینوں اور پاسپورٹ پیپر کے فقدان کے باعث پاسپورٹ کے اجراء کا عمل تعطل کا شکار رہا اور میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 لاکھ پاسپورٹ التوا کا شکار ہو گئے۔
بڑے پیمانے پر پاسپورٹس زیر التوا ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد حکومت نے پاسپورٹ کی تیاری کے لیے نئی مشینری منگوائی۔ ان مشینوں کے آنے سے اب پاسپورٹ کی تیاری کا عمل تیز ہو گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ سال روزانہ تقریباً 45 سے 50 ہزار پاسپورٹ بنانے کی درخواستیں موصول ہوتی تھیں جبکہ یومیہ صرف 20 سے 22 ہزار پاسپورٹ تیار کیے جاتے تھے، فاسٹ ٹریک اور ارجنٹ پاسپورٹ کی کیٹیگری میں 2 سے 3 دنوں کی تاخیر ہو جاتی تھی تاہم نارمل پاسپورٹ کے اجراء میں مہینوں کی تاخیر ہو جایا کرتی تھی۔ عموماً فاسٹ ٹریک پاسپورٹ دو دن میں، ارجنٹ پاسپورٹ کے لیے 5 کاروباری دن جبکہ نارمل پاسپورٹ کے لیے 21 کاروباری دنوں کا وقت دیا جاتا ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق اب پاسپورٹ کے اجراء کے عمل کو تیز کیا گیا ہے، گزشتہ سال اکتوبر میں 30 میں سے صرف 8 پرنٹنگ مشینوں کے ذریعے پاسپورٹ بنائے جا رہے تھے، تاہم اب 15 نئے پرنٹرز اور لیمنیٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر 55 ہزار پاسپورٹ کا اجراء کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاؤہ 10 مزید پرنٹرز، 6 ڈسکٹاپ پرنٹرز اور 2 ای پاسپورٹ مشین سٹیشنز کا آرڈر دیا گیا ہے جو کہ رواں ماہ کے آخر تک دستیاب ہوں گے۔
وی نیوز نے نئے پاسپورٹ بنانے والے مختلف لوگوں سے استفسار کیا کہ ان کو پاسپورٹ کتنے دنوں میں مل گیا جس پر ان کا کہنا تھا نارمل پاسپورٹ 25 دنوں سے ایک ماہ کے وقت میں مل رہا ہے، ارجنٹ پاسپورٹ 5 دنوں سے ایک ہفتے کے دوران جبکہ فاسٹ ٹریک پاسپورٹ دو دنوں میں ہی مل رہا ہے۔
حکومت نے پاسپورٹ بنانے کے لیے شہریوں کی آسانی کے لیے اسلام آباد اور کراچی میں نادرا میگا سینٹرز کا افتتاح بھی کیا ہے جہاں کسی بھی وقت 24 گھنٹے پاسپورٹ بنوانے کی درخواست جمع کروائی جا سکتی ہے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت 14 مختلف شہروں میں اسی طرز کے مزید میگا سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ان نئے سینٹرز کا قیام پاسپورٹ دفاتر میں لوگوں کے رش کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *