بیرون ملک جانے کے خواہشمند نوجوانوں کیلیے اہم خبر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معاشی بدحالی اور مہنگائی کے پیشِ نظر نوجوان پاکستانیوں کی بڑی تعداد تعلیم اور روزگار کے حصول کیلیے بیرون ملک جانے کیلیے کوشاں ہے۔
بیرون ملک جانے کیلیے قانونی طریقہ کار اور قواعد و ضوابط کیا ہیں؟ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈی جی بیورو آف اوورسیز ایمپلائمنٹ محمد طیب چوہدری نے ناظرین کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بیورو آف اوورسیز ایمپلائمنٹ کا مقصد ہی یہ ہے کہ جو نوجوان ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں ان کو ہر طرح سے مدد و مشاورت فراہم کی جاتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بیورو میں درخواست دائر کرنے طریقہ کار بہت آسان ہے، آپ نے جس ملک کیلیے اپلائی کرنا ہو اس ملک کی بنیادی شرائط و ضوابط کو پورا کرنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم ایک سے دو ماہ کے عرصے میں درخواست گزاروں کو ان کیلئے مناسب نوکری کا بندوبست ہوتے ہی بیرون ملک بھجوا دیتے ہیں۔
محمد طیب چوہدری کا کہنا تھا کہ بیرون ملک ملازمت کے بے شمار مواقع موجود ہیں لیکن اس کیلیے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان اچھی تعلیم سے ساتھ اپنی اسکلز اور قابلیت کو بڑھائیں مختلف کورسز کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے ملک بھر میں 2700 ایجنٹ ہیں جو لائسنس یافتہ ہیں شہری بیرون ملک جانے کیلیے ان کے کسی اور سے ہرگز رابطہ نہ کریں۔ اس کے علاوہ بیورو آف اوورسیز ایمپلائمنٹ کی ویب سائٹ سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد کا بیرون ملک جانے کا اندازہ پاسپورٹ دفاتر اور امیگریشن سینٹرز پر جا کر لگایا جا سکتا ہے جہاں اِن دنوں پاسپورٹ اور ویزا کے خواہشمندوں کی لمبی قطاریں دیکھی جا سکتی ہیں۔
نوجوانوں کی بڑی تعداد اسکالرشپس پر بیرون ملک جانے کی کوشش بھی کر رہی ہے تاہم بعض حلقوں نے ہنرمند شہریوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد کے بیرون ملک اخراج کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ پاکستان میں اضافی غیر ملکی ترسیلات کا اچھا ذریعہ بنیں گے۔
واضح رہے کہ شہبازشریف نے پاکستانی نوجوانوں کی بیرون ملک ملازمت کیلئے دوست ممالک کی مارکیٹوں کے مطابق لائحہ عمل دینے اور بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والی جعلی، بغیر لائسنس کمپنیز کیخلاف اقدامات کی ہدایت کردی۔
پرائم منسٹریوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبے سے ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔