آرمی چیف سے ملاقات میں وزیراعظم سے سخت گفتگو کی ساری باتیں رکھیں، گنڈا پور
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آرمی چیف سے ملاقات میں وزیراعظم سے سخت گفتگو کی ساری باتیں رکھیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اہم موضوعات پر بات کی۔وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کے ساتھ سخت گفتگو ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات میں سخت گفتگو کی ساری باتیں رکھیں، میں نے چھبیس نومبرسے متعلق بات کرنا تھی، اسحاق ڈارمیٹنگ میں موجود تھے،انہوں نے معاملہ اٹھایا تو میں نے تمام باتیں کردیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گورنر کے پی نے وفاقی فنڈز سے متعلق غلط بیانی کی تو انہیں ٹوکا، وہ کہنے لگے مجھے گفتگو سے نہ روکیں، میں نے کہا گورنر کے پی گفتگو کرلیں تو اجلاس میں شریک ہوجاؤں گا پھر میں اٹھ کر چلا گیا۔
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ افغان حکام فتنہ خوارج کو اپنی سرزمین پر ٹھکانے کیوں دے رہے ہیں ہمیں سوچنا چاہیے۔
واضح رہے کہ عدالت نے وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور کو غیرقانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے ہونے والی سماعت میں اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور کیخلاف غیرقانونی اسلحہ اورشراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔