کل تحریری مطالبات پیش کریں گے، پھر حکومت کی مرضی وہ مذاکرات چلانا چاہتی ہے یا نہیں، سلمان اکرم راجہ

ہم اپنے کسی بھی اصولی مؤقف سے نہیں ہٹیں گے، سلمان اکرم راجہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ کل ہم اپنے مطالبات تحریری طور پر پیش کر دیں گے، پھر حکومت کی مرضی ہے وہ مذاکرات کو چلانا چاہتی ہے یا نہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کمیشن کے قیام کے مطالبے پر حکومت آگے بڑھنا چاہتی ہے یا نہیں چاہتی، مذاکرات کا مستقبل ان باتوں پر منحصر ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم اپنے کسی بھی اصولی مؤقف سے نہیں ہٹیں گے، 8 فروری کو عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، ہم بالکل نہیں ہٹیں گے، کوئی کہتا ہے کہ مٹی ڈالو اور ہنسی خوشی ہمارے ساتھ بیٹھ جاؤ تو ایسا نہیں ہوگا، ہم اس مؤقف سے بھی نہیں ہٹیں گے کہ 26 نومبر کو گولیاں چلیں، خون بہایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ بنیادی مطالبات ہیں، ان سب کے ساتھ ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں، ہمارے لوگوں کا جو خون بہا ہے اس کو فراموش نہیں کریں گے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ عدلیہ انتظامیہ کے ماتحت ادارہ ہے یا عدلیہ ایک خودمختار ادارہ ہے؟ ہر پاکستانی کا حق ہے کہ اس کے جرم کا تعین ریاست کی جانب سے کون کرے؟ اس کا تعین ایک کرنل صاحب کریں گے یا ایک عدالت کرے گی؟
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم کھڑے ہیں، یہ جنگ سیاسی سطح پر لڑیں گے، عدالت میں تو لڑ ہی رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *