موج مستی میں لگے رہتے ہیں اور، بھارتی کرکٹرز پر بیگمات کو ٹورز میں ساتھ رکھنے پر پابندی عائد

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کرکٹرز کے اہلخانہ کو دوروں میں ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں 0-3 کی شکست اور بارڈر-گاوسکر ٹرافی میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 1-3 کی شکست کے بعد کیا گیا ہے۔
ممبئی میں ہونے والے ایک جائزہ اجلاس کے دوران یہ اعلان کیا گیا، جس میں بی سی سی آئی کے حکام، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، چیف سلیکٹر اجیت اگرکار اور کپتان روہت شرما نے شرکت کی۔
بی سی سی آئی نے پری کووڈ پالیسی کو دوبارہ نافذ کیا ہے جس کے تحت کھلاڑیوں کی بیویوں اور اہلخانہ کو دوروں میں ساتھ لے جانے کی اجازت صرف سخت شرائط کے تحت ہوگی۔
45 دن سے زیادہ طویل دوروں میں اہلخانہ دو ہفتے تک شامل ہو سکیں گے۔مختصر دوروں میں اہلخانہ کی موجودگی ایک ہفتے تک محدود ہوگی۔
مزید برآں تمام کھلاڑیوں کے لیے ٹیم بس کے ذریعے سفر لازمی قرار دیا گیا ہے، چاہے ان کا اسٹیٹس کچھ بھی ہو۔ اس کا مقصد ٹیم کے اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔
بھارت کی مسلسل شکستوں نے ٹیم کی تیاری اور فوکس پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ میدان سے باہر کی توجہ، بشمول اہلخانہ کی موجودگی، کھلاڑیوں کی کارکردگی پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔نئے قواعد بی سی سی آئی کی سخت پالیسی کی عکاسی کرتے ہیں جس کا مقصد بھارتی کرکٹ میں دوبارہ برتری قائم کرنا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *