شیخ رشید قوم کو گمراہ کرنے کے لیے غلط بیانی کر رہے ہیں ، مفتی منیب الرحمان

کراچی (قدرت روزنامہ)سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ شیخ رشید قوم کو گمراہ کرنے کے لیے غلط بیانی کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ قتل وغارت کے بغیر مسئلے کا حل ممکن ہے ، شیخ رشید غلط بیانی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کالعدم کے ساتھ آخری معاہدے میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنا شامل نہیں ہے ، صرف پارلیمنٹ میں پیش کرنا اور بحث کرنا شامل ہے ، دیگر امور کے بارے میں وزیر داخلہ نے خود کہا کہ انہیں تسلیم کیا جاسکتا ہے تو سوال یہ ہے کہ تسلیم کرنے میں تاخیر کیوں کی جارہی ہے؟
منیب الرحمان نے کہا ہے کہ ہر ایک کو معلوم ہے کہ حکومت کے پاس طاقت بھی ہے اوراسے استعمال کرنے کا اختیار اور وسائل بھی اس کے پاس ہیں لیکن ناحق قتل کبھی فراموش نہیں کیے جاتے، تاریخ کے ریکارڈ میں محفوظ رہتے ہیں ، اللہ تعالیٰ کی عدالت میں بھی سب سے پہلے قتلِ ناحق کے معاملات کے فیصلے ہوں گے۔
سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور چیف آف آرمی اسٹاف سے اپیل ہے کہ حکمت وتدبر سے کام لے کر اس مسئلے کا پرامن حل نکالا جائے ، یہ لوگ پاکستانی ہیں، حُبِّ رسول ﷺ کے جذبے سے سرشار ہیں ، پاکستان کے وفادار ہیں، کسی غیر ملکی طاقت کے نمک خوار یا آلہ کار نہیں ہیں۔