یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا، وفاقی وزیر خزانہ کا دعویٰ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خزانہ کا دعویٰ ہے کہ یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا، عالمی ادارے کی شرائط کے مطابق اصلاحات کیلئے پر امید ہیں، آئی ایم ایف بیل آؤٹ کے بعد کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا نکی ایشیاء اخبار کو انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا، عالمی ادارے کی شرائط کے مطابق اصلاحات کیلئے پرامید ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد ترقی کے ماڈل پر توجہ دی ہے، آئی ایم ایف بیل آؤٹ کے بعد کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے، پاکستان کو عالمی ایجنسیوں سے “بی” ریٹنگ کی توقع ہے، پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری آئی ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقتصادی اصلاحات سے مہنگائی میں کمی آئی ہے، مہنگائی مئی 2023ء میں 38 فیصد تھی جو رواں ماہ 3 فیصد رہ گئی، پاکستان برآمدات بڑھانے، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپس جانے کی کوشش بھی کررہے ہیں، پاکستان چین کی مالیاتی منڈیوں تک رسائی کیلئے تیار ہے، پاکستان یوآن بانڈ مارکیٹ تک رسائی حاصل کریگا۔
انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ کارپوریٹ اسٹاک لسٹنگز کی حوصلہ افزائی کیلئے تیار ہیں، رواں مالی سال کے آخر تک پانڈا بانڈ کا اجرا متوقع ہے۔
وزیر خزانہ ہانگ کانگ میں پاکستانی چینی مشترکہ منصوبے کی لسٹنگ کیلئے پر امید ہیں، انہوں نے پاکستانی کمپنیوں کیلئے مزید لسٹنگز کے امکانات پر اور سی پیک فیز ٹو اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی چینی مشترکہ منصوبے سروس لانگ مارچ کی لسٹنگ متوقع ہے، پاکستان میں چینی شہریوں کیلئے سیکیورٹی اقدامات جاری ہیں، چینی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی سیکیورٹی اہمیت کی حامل ہے۔