مریم نواز اور صدر یو اے ای کی جعلی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

لاہور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر یو اے ای کی سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز وائرل کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر یو اے ای کیخلاف سوشل میڈیا مہم کے معاملے پر لاہور، مظفر گڑھ اور فیصل آباد سے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی اے سائبرکرائم نے بتایا کہ گرفتارہونیوالوں میں ندیم جاوید ،محمد اعجاز ،عامر عباس شامل ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب ،صدر یو اے ای کیخلاف مہم چلانے پر مقدمات درج ہوئے۔

ٹیم ممبران میں ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان،لاہور شامل ہیں تاہم ایف آئی اے سائبر کرائم نے شہباز گل ،عمران ریاض کو بھی نامزد کردیا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ شہباز گل اور عمران ریاض کو بھی جلد گرفتار کر لیں گے۔

یاد رہے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جعلی تصاویر شیئر کرنے والے 20 اکاؤنٹس کی نشاندہی کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں : سوشل میڈیا پر مریم نواز کی جعلی تصاویر کس نے شیئر کیں ؟ اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوگئی
اس سے قبل بھی ایف آئی اے کے سائبر کرائم نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر رہنماؤں کے خلاف مہم چلانے والے ملزم کو گرفتار کیا تھا، ملزم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور یو اے ای صدر کےخلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی تھی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) صدر کے ساتھ تصاویر کو ایڈٹ کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کیا جا رہا ہے، جس پر وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے حکومت کی درخواست پر معاملے کی انکوائری شروع کر رکھی ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی نے ان کی یو اے ای کے صدر کے ساتھ تصویر اپنے ایکس اکاؤنٹ سے 5 جنوری کو شیئر کی تھی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی دیکھا جا سکتا ہے تاہم مذکورہ تصویر کو سوشل میڈیا پر کچھ صارفین نے قابل اعتراض ایڈیٹنگ کر کے وائرل کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *