کالعدم تنظیم کااحتجاج : وزیراعظم کی راستہ روکنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان نے راستہ روکنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تنظیم کے مطالبات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا ہےکہ پولیس والوں کو مارنا سیاسی کارکنان کا نہیں دہشتگردوں کا کام ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست کی رٹ قائم رکھی جائے گی۔حکومت نے لانگ مارچ روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جہلم پل پر رینجرز تعینات کردی ہے۔ اس حوالے سے حکومت نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ مظاہرین کو کسی صورت جہلم سے آگے نہیں آنے دینا چاہیئے۔واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو سعودی عرب کی جانب سے مالی معاونت پر بریفنگ دی گئی ، کابینہ کو کالعدم تنظیم سے متعلق مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کابینہ کو کالعدم تنظیم کے ساتھ موجودہ ڈیڈ لاک سے آگاہ کیا ، کابینہ کو معاملے سے متعلق قانونی امور سے بھی آگاہ کیا۔کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ جانی و ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو رعایت نہیں دینی چاہیے۔کابینہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔