کون سا انڈہ غذائیت سے بھرپور ہے؟ زردی سے کیسے پتا چلایا جاسکتا ہے؟
واشنگٹن (قدرت روزنامہ ) انڈے کی زردی کا رنگ اکثر لوگوں کو حیران کر دیتا ہے۔ کبھی یہ ہلکا پیلا تو کبھی گہرا نارنجی ہوتا ہے ۔ مگر اس کا مطلب کیا ہے؟ کیا یہ رنگ غذائیت سے متعلق کچھ بتاتا ہے؟
فاکس نیوز کے مطابق فریش ایگز ڈیلی کی بانی لیزا سٹیل کے مطابق انڈے کی زردی کا رنگ مکمل طور پر مرغی کی خوراک پر منحصر ہوتا ہے۔ لیزا سٹیل “دی فریش ایگز ڈیلی کُک بُک” کی مصنفہ بھی ہیں، بتاتی ہیں کہ وہ غذائیں جن میں کیروٹین اور زینتھوفل جیسے قدرتی رنگ پائے جاتے ہیں، انڈے کی زردی کو گہرا نارنجی بناتی ہیں۔ کیروٹین گاجر، آم، خربوزہ اور کدو جیسی اشیاء میں پایا جاتا ہے، جبکہ زینتھوفل پالک اور دیگر سبز پتوں والی سبزیوں میں موجود ہوتا ہے۔ گہرے رنگ والی زردی کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ مرغی کی خوراک مکمل طور پر قدرتی یا زیادہ غذائیت والی ہے۔ کچھ ایگ پروڈیوسر زردی کے رنگ کو مصنوعی طریقوں سے گہرا بنانے کے لیے خوراک میں مرچ، مکئی، یا دیگر اجزاء شامل کرتے ہیں۔
لیزا سٹیل کے مطابق بہترین غذائیت حاصل کرنے کے لیے وہ ایسے انڈے خریدنے کی تجویز دیتی ہیں جن پر “پاسچر ریزڈ” یا “فری رینج” کا لیبل ہو۔ ان مرغیوں کی خوراک عام طور پر گھاس، پودوں اور دیگر قدرتی اشیاء پر مشتمل ہوتی ہے، جو انڈے کو زیادہ غذائیت فراہم کرتی ہیں۔ اس کے برعکس “کیج فری” اور “پاسچر ریزڈ” انڈوں میں فرق ہوتا ہے کیونکہ “کیج فری” مرغیاں اکثر ایک گودام میں ہی محدود رہتی ہیں۔
جہاں تک انڈے کے چھلکوں کے رنگ کا تعلق ہے، لیزا سٹیل کہتی ہیں کہ یہ مکمل طور پر مرغی کی نسل پر منحصر ہے اور اس کا غذائیت سے کوئی تعلق نہیں۔ کچھ مرغیاں بھورے، کچھ نیلے اور کچھ سفید رنگ کے انڈے دیتی ہیں۔ لہٰذا انڈے کی زردی کا رنگ مرغی کی خوراک کی عکاسی کرتا ہے، لیکن غذائیت کا صحیح اندازہ انڈے کی پیداوار کے طریقے سے ہی لگایا جا سکتا ہے۔