شادی کے لیے اسلام قبول کرنا کیسا تجربہ تھا، شرمیلا ٹیگور نے ساری تفصیل بیان کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی ماضی کی معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور نے ایک انٹرویو میں اپنی محبت کی کہانی سنائی اور بتایا کہ انہوں نے شادی سے قبل کیسے اسلام قبول کیا تھا۔
شرمیلا ٹیگور نے بتایا کہ جب انہوں نے منصور علی خان جنہیں ٹائیگر پٹودی بھی کہا جاتا تھا، سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تو انہیں معاشرتی مخالفت کا بھی سامنا کرنا پڑا کیونکہ منصور پٹودی اور شرمیلا ٹیگور دونوں مختلف مذاہب سے تعلق رکھتے تھے اور اُس دور میں بین المذاہب شادیوں کا تصور آسان نہیں تھا۔
ایک انٹرویو میں شرمیلا ٹیگور نے یہ انکشاف کیا کہ انہوں نے شادی کے لیے اسلام قبول کیا تھا اور ٹائیگر پٹودی نے ان کا نام عائشہ بیگم تجویز کیا تھا۔ شرمیلا نے اپنی ساس، نواب بیگم ساجدہ سلطان آف بھوپال سے پہلی ملاقات کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا، جب میں پہلی بار اپنی ساس سے ملیں تو وہ بہت گھبرائی ہوئی تھیں۔ انہوں نے مجھ سے پوچھا، ’تم میرے بیٹے کے بارے میں کیا سوچتی ہو؟‘ میں نے انہوں نے جواب دیا، ’مجھے وہ پسند ہے‘۔ پھر انہوں نے سوال کیا، ’تمہارا ارادہ کیا ہے؟‘ جس پر شرمیلا نے کہا، ’مجھے ابھی تک کچھ نہیں پتا میں نے ابھی انہیں جاننا ہے۔ مجھے ان سے بہت محبت ہے اور آپ انہیں مجھ سے زیادہ عرصہ سے جانتی ہیں‘۔
سمی گریوال کے ساتھ گفتگو کے دوران انہوں نے کہا، ’یہ نہ تو بہت آسان تھا اور نہ ہی بہت مشکل، لیکن اسے سمجھنا اور برداشت کرنا ضروری تھا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے وہ مذہب سے خاص تعلق نہیں رکھتی تھیں لیکن اب انہیں لگتا ہے وہ ہندوازم اور اسلام کے بارے میں زیادہ سمجھتی ہیں۔
اپنے ایک پرانے انٹرویو میں اداکارہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ جب وہ ٹائیگر پٹودی سے شادی کر رہی تھیں تو انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ ان کے والدین کو ٹیلیگرام مل رہے تھے جن میں کہا جا رہا تھا کہ گولیاں بولیں گی اور ٹائیگر کے خاندان کو بھی ایسی ہی دھمکیاں ملیں جس سے وہ کافی پریشان ہو رہے تھے تاہم اس کے باوجود شادی بالکل خیریت سے ہوگئی اور کوئی غیر معمولی واقعہ پیش نہیں آیا۔
واضح رہے کہ مشہور بھارتی اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو اپنے دور کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک مانا جاتا تھا، یہاں تک کہ وہ فلم کے لیے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئی تھیں، انہوں نے اسلام قبول کیا اور مشہور کرکٹر منصور علی خان پٹودی سے شادی کی، جس کے بعد نام تبدیل کرکے عائشہ سلطانہ رکھا گیا۔
شرمیلا ٹیگور کی شادی نواب منصور علی خان پٹودی سے 27 دسمبر 1968 میں ہوئی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *