ٹوکن ٹیکس نادہندگان کی گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے عوام کا رش دیکھتے ہوئے ٹوکن ٹیکس کی تاریخ کی تاریخ میں 15 دن کی توسیع کردی ہے۔
اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی پر گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی، جرمانہ 200 فیصد تک کیا جائے گا۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے ہدایت جاری کی ہے کہ ٹوکن ٹیکس ادا نہ کرنے والے گاڑیوں کے مالکان جنھوں نے کئی کئی سالوں سے گاڑیوں کے ٹوکن ٹیکس ادا نہیں کیا، وہ فوری طور پر ٹیکس جمع کروائیں، ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو 31 جنوری تک کی مہلت مزید دی گئی ہے۔
مقررہ تاریخ کے بعد ٹوکن ٹیکس نادہندگان کی گاڑیوں کی رجسٹریں منسوخ کردی جائے گی، اور جرمانہ 200 فیصد کردیا جائے گا۔
دوسری جانب شہریوں کی سہولت کے لیے ایکسائز کاؤنٹر رات 8 بجے تک کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسمارٹ کارڈ صارفین ٹوکن ٹیکس کی 24 گھنٹے گھر میں رہ کر بھی ’اسلام آباد سٹی ایپ‘ کے ذریعے ادا کرسکتے ہیں۔
ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلال اعظم خان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے فوری ٹوکن ٹیکس جمع کروائیں۔