ایک بہترین اے آئی فیچر یوٹیوب کا حصہ بن گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)یوٹیوب کی جانب سے مسلسل نئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ ویڈیو دیکھنے کے تجربے کو زیادہ انٹرایکٹیو بنایا جاسکے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق ان میں سے ایک فیچر ٹاک لائیو ہے جس کی آزمائش جاری ہے اور یہ محدود صارفین کو دستیاب ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین گوگل جیمنائی اے آئی ماڈل کو استعمال کرکے یوٹیوب ویڈیوز کی وضاحت یا ذہن میں موجود سوالات کے جوابات حاصل کرسکیں گے۔
مثال کے طور پر آپ فن مصوری کی تاریخ پر کوئی ویڈیو دیکھ رہے ہیں اور اچانک کچھ تفصیلات سر کے اوپر سے گزر جاتی ہیں تو ویڈیو روک کر گوگل پر سرچ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس کی جگہ جیمنائی لائیو سے چیزوں کی وضاحت حاصل کرسکیں گے۔
اے آئی اسسٹنٹ آپ کے سوالات کے جواب دینے کے لیے تیار ہوگا، اس کے تناظر سے آگاہ کرے گا یا ویڈیو کے اہم نکات کا خلاصہ پیش کر دے گا۔
ٹاک لائیو فیچر کو پی ڈی ایف فائلز پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یعنی پی ڈی ایف فائل کی سمری، اس کی پیچیدہ شرائط کی وضاحت اور مخصوص سوالات کے جوابات بھی جیمنائی کی مدد سے جان سکیں گے۔
آپ یوٹیوب ایپ استعمال کر رہے ہوں یا پی ڈی ایف ریڈر، آپ جیمنائی کو طلب کرسکیں گے اور ویڈیوز اور پی ڈی ایف فائلز کے بارے میں تفصیلات پوچھ سکیں گے۔
یہ واحد اے آئی فیچر نہیں جو یوٹیوب کا حصہ بن رہا ہے۔
اس سے قبل برین اسٹروم ود جیمنائی فیچر یوٹیوب کا حصہ بن چکا ہے جو ویڈیوز کی تیاری کے حوالے سے آئیڈیاز فراہم کرتا ہے۔
ایک اے آئی ٹول آپ کی ویڈیو سے کاپی رائیٹڈ میوزک کو ہٹانے کا کام کرتا ہے تاکہ ویڈیو متاثر نہ ہو یا ایک ٹول تو ایسا میوزک تیار کرکے دیتا ہے جو ویڈیو کی تھیم کے مطابق ہو اور اس پر کاپی رائٹ کا اطلاق بھی نہ ہو۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *