گارڈز کی موجودگی میں سیف علی خان کے گھر چور کس طرح داخل ہوئے؟ حیران کن انکشاف

نئی دہلی(قدرت روزنامہ ) بالی ووڈ اداکار سیف علی خان کو جمعرات کی صبح باندرہ میں ان کی رہائش گاہ پر مبینہ ڈکیتی کی کوشش کے دوران چھریوں کے وار سے زخمی کر دیا گیا۔ 54 سالہ اداکار کو اس وقت چھ وار لگے جب انہوں نے اپنے اپارٹمنٹ میں داخل ہونے والے ایک نقب زن کا سامنا کیاتاہم حملہ آور جھگڑے کے بعد فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق، نقب زن کا سامنا پہلے سیف علی خان کی ملازمہ سے ہوا جس کے بعد اداکار نے مداخلت کی اور جھگڑا ہوا۔ممبئی پولیس نے پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ انہوں نے واردات میں ملوث ایک ملزم کی شناخت کر لی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے آگ بجھانے کے راستے کا استعمال کرتے ہوئے سیف علی خان کے گھر میں داخلہ لیا۔

زون 9 کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس، ڈکشٹ گیدام نے کہاکہ “گزشتہ رات، ملزم نے آگ بجھانے کی سیڑھی کا استعمال کرتے ہوئے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ بظاہر یہ ڈکیتی کی کوشش تھی۔ ہم ملزم کی گرفتاری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ 10 تفتیشی ٹیمیں اس کیس پر کام کر رہی ہیں۔ باندرہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔”

للاوتی اسپتال کے ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ سیف علی خان کی حالت مستحکم ہے۔ حملے کے دوران ریڑھ کی ہڈی پر چاقو کے وار سے شدید زخم آئے، جن کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔ ڈاکٹر نیتن دانگے نے کہا کہ خان کو رات 2 بجے اسپتال لایا گیا اور ان کی ریڑھ کی ہڈی سے چاقو نکالنے کے لیے سرجری کی گئی۔

ڈاکٹر نیتن دانگے نے مزید کہا:”ریڑھ کی ہڈی میں چاقو کی وجہ سے شدید زخم آئے تھے جس سے اسپائنل فلوئڈ کا اخراج ہو رہا تھا۔ چاقو نکال کر ریڑھ کی ہڈی کی مرمت کی گئی۔ ان کے بائیں ہاتھ اور گردن پر گہرے زخم بھی تھے جنہیں پلاسٹک سرجری ٹیم نے مرمت کیا۔ ان کی حالت اب مکمل طور پر مستحکم ہے۔ وہ خطرے سے باہر ہیں اور تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔”

سیف علی خان کی ٹیم نے تصدیق کی کہ وہ سرجری کے بعد اب خطرے سے باہر ہیں۔ فیملی کے تمام افراد محفوظ ہیں اور پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ٹیم کے بیان میں کہا گیا”سیف علی خان سرجری کے بعد مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ وہ صحت یاب ہو رہے ہیں اور ڈاکٹر ان کی نگرانی کر رہے ہیں۔ فیملی کے تمام افراد محفوظ ہیں اور پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔”

باندرہ پولیس اور ممبئی کرائم برانچ واقعے کی تفصیلات جانچ رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈکشٹ گیدام نے بتایا کہ نقب زن نے عمارت کی سیکیورٹی کو چکما دیا۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ حملہ آور کس طرح اپارٹمنٹ تک پہنچا۔

پولیس یہ بھی جانچ رہی ہے کہ آیا یہ محض ڈکیتی کی کوشش تھی یا کوئی اور مقصد تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *