پی ایس ایل بائیکاٹ کے اعلان کے بعد علی ترین کی احسان اللہ کو بڑی پیشکش
فاسٹ بولر احسان اللہ اب پریذیڈنٹ کپ گریڈ 2 ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے
لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر احسان اللہ کو ملازمت کی پیشکش کر دی تاکہ وہ اپنی فٹنس اور فارم دوبارہ حاصل کر سکیں۔
فاسٹ بولر احسان اللہ اب پریذیڈنٹ کپ گریڈ 2 ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔ علی ترین نے انہیں مکمل حمایت کی پیشکش کی ہے۔ احسان اللہ ملتان سلطانز کی فاسٹ بولنگ کوچ کیتھرین ڈیلٹن کی زیر نگرانی لودھراں کی ملتان سلطانز اکیڈمی میں ٹریننگ کریں گے۔
علی ترین کا کہنا ہے کہ احسان اللہ کو اگلے سال پی ایس ایل میں واپس لانے کے لیے پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ احسان اللہ جیسے فاسٹ بولر جنریشن میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں، احسان اللہ اس ملک کا اثاثہ ہیں اور ہم ان کی مکمل فٹنس بحال کرنے میں ہر ممکن مدد کریں گے۔
واضح رہے کہ احسان اللہ نے پی ایس ایل 10 کی ڈرافٹنگ کے دوران نظر انداز ہونے پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں نے جذبات میں آکر ایسا کہہ دیا تھا، ابھی ایونٹ کو 4 مہینے ہیں، میں محنت کرکے اپنی جگہ بناؤں گا‘۔
ایک انٹرویو میں احسان اللہ نے کہا کہ وہ اب فرنچائز کرکٹ نہیں کھیلیں گے اور زندگی رہی تو پی ایس ایل میں کبھی نظر نہیں آئیں گے۔ انہوں نے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی ان سے رابطہ نہیں کیا۔
میزبان نے احسان اللہ سے سوال کیا کہ علی ترین نے آپ سے رابطہ نہیں کیا وہ تو آپ کو بہت سپورٹ کرتے تھے۔ جس پر ان کا کہنا تھا کہ ان سے کسی نے بھی رابطہ نہیں کیا، علی ترین کو کوئی اور ملتا ہے تو وہ ان کے ساتھ چلے جاتے ہیں، وہ مجھے نہیں میرے ٹیلنٹ کو سپورٹ کرتے تھے۔
احسان اللہ کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل شروع ہونے میں ابھی 4 مہینے ہیں۔ اس سال بھی کوئی ان پر اعتبار کرکے ٹیم میں رکھ سکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان چھوڑ کر دبئی یا انگلینڈ چلا جاتا ہوں۔
یاد رہے کہ فاسٹ بولر احسان اللہ قریباً 2 سال سے زیادہ عرصہ سے کہنی کی انجری کا شکار ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اب ان کی انجری ٹھیک ہورہی ہے اور وہ جلد کم بیک کریں گے۔