آرمی چیف سے علی امین اور بیرسٹر گوہر کی ملاقات میں سیاسی گفتگو نہیں ہوئی، سیکیورٹی ذرائع
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سیکیورٹی ذرائع نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے ملاقات کی تفصیلات بیان کردیں۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی بیرسٹر گوہر اور علی امین گنڈاپور سے پشاور میں بات چیت خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی معاملات کے تناظر میں ہوئی، اس دوران کوئی سیاسی گفتگو نہیں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے آرمی چیف سے سیاسی معاملات پر بات کرنے کی کوشش کی، تو چیئرمین پی ٹی آئی کو جواباً بتا دیا گیا کہ سیاسی معاملات پر بات چیت آپ سیاست دانوں سے کریں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران ہونے والی بات چیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کوشش کی گئی ہے کہ سیکیورٹی معاملات پر ہونے والی بات چیت کو سیاسی رنگ دیا جائے جو افسوس ناک ہے۔
واضح رہے دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے براہ راست ملاقات کی تھی جسے پی ٹی آئی چیئرمین نے انتہائی مثبت اور خوش آئند قراردیا ہے، عمران خان نے بھی بات چیت کو ملک کے استحکام کے لیے خوش آئند قرار دیا ہے۔
جمعرات کو ’وی نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے برائے راست ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اسے مثبت پیش رفت قراردیا اورساتھ ہی اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی ملک کے استحکام کے لیے بات چیت کو خوش آئند قراردیا ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے مزید کہاکہ میں جب بھی کوئی بات یا ملاقات کرتاہوں تو وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات اور اجازت کے مطابق ہوتی ہے، ان کی ہر بات میرے پاس امانت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ ’میں نے آرمی چیف سے ملاقات کی ہے‘۔ اس ملاقات کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ اگر بات چیت ہوتی ہے تو یہ بہت اچھی بات ہے۔
اس سوال پر کہ آرمی چیف کے ساتھ کیا گفتگو ہوئی اور کیا معاملات طے ہوئے تو بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ وہ صرف ملاقات کی کہہ رہے ہیں باقی چیزیں کوئی طے نہیں ہوئی ہیں، بیرسٹر گوہر خان نے عمران خان کی رہائی سے متعلق سوال پوچھنے پر کوئی جواب نہیں دیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ میری آرمی چیف سے ملاقات سے متعلق تصدیق بانی ٹی ٹی آئی عمران خان نے ہی کی ہے، میں جہاں بھی جاتا ہوں، جس سے بھی ملتا ہوں یا کوئی بات کرتا ہوں تو وہ عمران خان کی ہدایات اور اجازت کے ساتھ ہی کرتا ہوں۔
عمران خان نے میڈیا کو میری آرمی چیف سے ملاقات کا بتایا ہے۔ میں جو بھی کرتا ہوں عمران خان کی ہدایات کے مطابق کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے تھے دوسری طرف سے بند تھے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عمران خان نے ہی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف سے بات چیت ہوئی ہے، ملک کے استحکام کے لیے بات چیت بہت ضروری ہے، عمران خان نے بتایا ہے کہ ہمارے دروازے ہمیشہ بات چیت کے لیے کھلے تھے، دوسرے لوگوں کے دروازے بند تھے، اگر بات چیت ہوئی تو اس سے ملک میں استحکام آئے گا۔
ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مذاکرات کے چوتھے راؤنڈ کے لیے ابھی بھی ہمارے مطالبات موجود ہیں کہ جو ملک میں دو واقعات ہوئے ان پر جوڈیشل کمیشن بنے اور رہائی کا مطالبہ بھی شامل ہے۔