جی ہاں! شادی ہو رہی ہے، اداکار گوہر رشید نے اعلان کر دیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف اداکارہ کبریٰ خان اور مرزا گوہر رشید کی شادی کی خبریں کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں جس پر گوہر رشید نے بالآخر خاموشی توڑ دی ہے۔
گوہر رشید نے ایک صحافی سے گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ وہ وعدہ کرتے ہیں کہ بہت جلد بتائیں گے کہ کس کی شادی ہو رہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی پبلسٹی سٹنٹ نہیں ہے اور نہ ہی ڈرامے کا شوٹ ہے بلکہ حقیقت میں شادی ہورہی ہے۔
چند روز قبل گوہر رشید کی نکاح نامے پر دستخط کرنے کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بارے میں لوگوں کا خیال تھا کہ وہ واقعی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔ بعدازاں پتا چلا کہ یہ ویڈیو اداکار حمزہ علی عباسی اور اداکارہ نیمل خاور کے نکاح کی تقریب کی تھی جس میں گوہر رشید نے بطور گواہ دستخط کیے تھے۔
یاد رہے کہ گوہر رشید اور کبریٰ خان کی شادی کی خبروں پر دونوں کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید کا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل گوہر رشید نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں کبریٰ خان اور شوبز انڈسٹری کے دیگر اداکاروں کے ساتھ کسی شادی کی تقریب میں ڈانس پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
گوہر رشید نے کیپشن میں بسم اللّٰہ 2025ء لکھا اور ساتھ میں بتایا ہے کہ ایونٹ کے لیے تیاریوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ جس پر قیاس آرائیاں کی جانے لگیں کہ کبریٰ خان اور گوہر رشید بہترین دوست ہیں جنہیں برسوں سے ساتھ دیکھ رہے ہیں اور اب وہ جلد شادی کرنے والے ہیں۔
اداکار مرزا گوہر رشید نے انسٹا گرام پر ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں کبریٰ خان، اشنا شاہ، مومل شیخ، اذان سمیع، شازیہ وجاہت، وجاہت رؤف، عاشر وجاہت کو دیکھا جا سکتا ہے اور ہیش ٹیگ میں انہوں نے لکھا ’میرے یار کی شادی ہے‘۔ دوسری جانب کبریٰ خان نے بھی انسٹاگرام پر گوہر رشید کی اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا بے شک میرے یار کی شادی ہے۔