القادر ٹرسٹ کیس ، عمران خان کو قیدی نمبر الاٹ، بشریٰ بی بی کا میڈیکل ٹیسٹ کے بعد بیرک میںمنتقلی کا فیصلہ
راولپنڈی (قدرت روزنامہ)190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں سزا سنائے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کو قیدی قرار دے کر قیدی نمبر الاٹ کر دیا ۔ جبکہ بشریٰ بی بی کا میڈیکل معائنہ جیل ہسپتال کے ڈاکٹر کر رہے ہیں، بشریٰ بی بی کا میڈیکل چیک اپ کے بعد بائیومیٹرک بھی کیا جائے گا۔ تمام قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو خواتین کی بیرکس میں منتقل کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بالترتیب 14 سال اور 7 سال کی سزائیں سنائی ہیں، بانی پر 10 لاکھ اور اہلیہ پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
بعد ازاں اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کرنے والی احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا تھا، جس میں کہا گیا کہ وکلائے صفائی استغاثہ کی شہادتوں کو جھٹلا نہیں سکے، استغاثہ کا مقدمہ دستاویزی شہادتوں پر تھا، جو درست ثابت ہوئیں۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کےدفاع میں پیش کی گئی دستاویزی شہادتیں بھی بے وقعت تھیں، استغاثہ نےٹھوس مستند، مربوط، ناقابل تردید، قابل اعتماد، شہادت پیش کی، معمولی تضادات ہوسکتےہیں جو وائٹ کالرکرائم میں فطری بات ہے۔
فاضل جج کی جانب سے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بار بار مواقع ملنے کے باوجود استغاثہ کے موقف کو جھٹلایا نہیں جاسکا، ملزمان کےدفاع میں پیش کی گئی دستاویزی شہادتوں کی حیثیت نہیں تھی۔