ملتان ٹیسٹ: اس پچ پر میچ 3 دن میں ختم ہوسکتا ہے، محمد رضوان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر محمد رضوان نے کہا ہے کہ ملتان ٹیسٹ میں جس طرح کی پچ تیار کی گئی ہے یہ میچ 3 دن میں ختم ہوسکتا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پریس کانفرنس میں محمد رضوان نے کہا کہ اس سے پہلے اس طرح کی پچز نہیں بنی تھیں، بال زیادہ اسپن ہورہی ہے جس کی وجہ سے بیٹرز کو مشکل ہورہی ہے، ہم آہستہ آہستہ خود کو اس پچ کے لیے تیار کررہے ہیں اور سیکھ رہے ہیں، سب کو سمجھنا ہوگا کہ آگے کی کرکٹ مشکل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پلیئرز کو بقیہ کرکٹ کی تیاری کے لیے رکھا گیا ہے، اگر اس میچ میں ہر روز 90، 90 اوورز ہوجائیں تو یہ میچ 3 دن میں ختم ہوسکتا ہے۔ محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ ایسی پچ پر ہدف مقرر نہیں کرسکتے، کوشش کریں گے کہ پچ کی صورتحال کے مطابق اچھے رنز بنائیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ حال ہی میں ہم نے 4 پیسرز کے ہمراہ جنوبی افریقہ کا ٹور کیا، میزبان ٹیم کے 120 اور 125 کی اسپیڈ رکھنے والے فاسٹ بولرز نے ہمیں مشکل میں ڈالا، اس کی وجہ یہی تھی کہ وہاں سیم ہورہا ہے، انہوں نے اپنے ملک کی کنڈیشنز کا فائدہ لیا۔
انہوں نے کہا اب ہمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ہی ملک میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اس سے قبل ہم ایسی کنڈیشنز میں نہیں کھیلے، آسٹریلیا بھی ایسے ہی کرتا ہے اور مخالف ٹیم کو ڈراپنگ پچ پر کھلاتا ہے، انڈیا بھی اپنی فیور کے لیے اسپن پچ تیار کرتا ہے۔
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ابھی تک تو ہم پاکستان میں رہتے ہوئے یہاں نہیں کھیل رہے تھے، ہمارے میچز دبئی میں ہوتے تھے، اگر ہم اپنے ملک کی چیزوں کا فائدہ نہیں اٹھا سکتے تو سیکھنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ملتان میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے ہیں۔ دھند کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ کے پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی تھی، ابتدائی 4 بلے باز محض 46 رنز کا اضافہ کر کے پویلین لوٹ گئے تاہم نائب کپتان سعود شکیل اور محمد رضوان کی شاندار نصف سینچریز کی بدولت پاکستان 146 رنز بنانے میں کامیاب ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *