بشریٰ بی بی کو 10 گنا زیادہ سزا ہونی چاہیے تھی، فیصل واوڈا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ جس طرح کی تباہی ہوئی اس میں بشریٰ بی بی کو 10 گنا زیادہ سزا ہوجانی چاہیے تھی۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کیا ہوگیا کہ اچانک عمران خان بے ایمان نظر آنا شروع ہوئے، کیا 2018 سے پہلے وہ بے ایمان نہیں تھے؟
ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان شروع سے بے ایمان آدمی ہوتے تو جب ان کی جمائما سے طلاق ہورہی تھی تو کروڑوں ڈالرز قانونی طور پر ملنے والے تھے، وہ لے لیتے جو کہ انہوں نے نہیں لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا پی ٹی آئی میں آپ کو کوئی شکلیں نظر آرہی ہیں کہ کوئی مخلص ہے؟ سب خوش ہیں کہ عمران خان اندر ہیں، عمران خان باہر آجائیں گے تو یہ سب باہر ہوجائیں گے، ان میں آدھے تو وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کے خلاف پریس کانفرنسز کیے ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا کا 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ اوپن اینڈ شٹ اور بلیک اینڈ وائٹ کیس ہے اس میں عدالت کیسے معافی دے سکتی ہے؟ اس کا ہائی کورٹ میں 15 یا 20 پیشیوں میں بھی کچھ نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان کی سب سے بڑی چوری نہیں ہے، اس میں احتساب صرف اس لیے ہورہا ہے کیوں کہ آرمی چیف نے آکر اپنے ہی ادارے کے سب سے تگڑے آدمی کا احتساب کیا، ورنہ پاکستان میں بڑے بڑے چور بیٹھے ہیں۔