پی ٹی آئی، عسکری قیادت ملاقات کے بعد نواز شریف کیمپ میں کھلبلی مچ گئی ہے، بیرسٹر سیف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور عسکری قیادت میں ہونے والی ملاقات پر سیاست نہ کی جائے۔
اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ پی ٹی آئی اور عسکری قیادت کے درمیان ملاقات کے بعد نواز شریف کیمپ میں کھلبلی مچ گئی ہے اور اطلاعات ہیں کہ نواز شریف نے اپنی ٹیم کو مذاکرات ناکام بنانے کا مشن سونپ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو غیرمؤثر بنانے کا کام شروع ہو چکا ہے، ایسے عناصر سرگرم ہوچکے ہیں جو نہیں چاہتے کہ ملک کے اندر سیاسی استحکام کی راہیں کھلیں۔
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں امن کے لیے مذاکرات کی راہ پر چل رہی ہے جبکہ غیرمنتخب ٹولہ اپنے ناجائز اقتدار کو بچانے کے لیے مذاکرات ناکام بنانے کے مشن پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا اپنے حلف کا پاس رکھتے ہوئے پی ٹی آئی اور عسکری قیادت میں ملاقات پر سیاست نہ کریں۔