ملتان ٹیسٹ کا دوسرا روز، گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم مختصر وقت میں پویلین لوٹا دی
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیلز اور واریکن نے تین تین شکار کیے
ملتان (قدرت روزنامہ)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 230 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ لیکن گرین شرٹس نے بھرپور بدلہ لیتے ہوئے صرف ایک گھنٹہ 15 منٹ میں ویسٹ انڈیز کی 8 وکٹیں اڑا دیں، جبکہ پوری ٹیم 103 رنز پر ڈھیر ہوگئی، ساجد خان نے 4 اور نعمان علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم 34 پر آؤٹ ہوچکی تھی جبکہ آٹھویں وکٹ 66 رنز کے اسکور پر گری۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلے جا رہے ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 230 بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
سعود شکیل نے 48 اور محمد رضوان نے 71 رنز اسکور کیے، دونوں نے پانچویں وکٹ پر 141 رنز کا اضافہ کیا۔
سعود اور رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹس کی لائن لگ گئی۔ سلمان آغا دو رنز بناکر چلتے بنے، ٹیل اینڈرز بھی زیادہ مزاحمت نہ کرسکے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیلز اور واریکن نے تین تین شکار کیے۔