گوگل کی کرکٹ میں انٹری، کونسی ٹیم خرید رہا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انٹرنیٹ کی دنیا کا سب سے مقبول سرچ انجن گوگل اب کرکٹ کے میدان میں بھی اترنے والا ہے اور ایک کرکٹ تیم خرید رہا ہے۔
گوگل انٹرنیٹ کی دنیا کا سب سے مقبول اور مصروف سرچ انجن ہے جو اب کھیلوں کے میدان میں بھی اتر رہا ہے اور کرکٹ میں انٹری دے رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گوگل انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی لیگ دی ہنڈریڈ میں ایک ٹیم خریدنے کا خواہشمند ہے اور اس سلسلے میں اس کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ انک کے سی ای او سندر بچائی نے لندن میں مقیم کرکٹ ٹیم کی بولی لگانے کے لیے سلیکون ویلی کے رہنماؤں سے ایک معاہدہ کر لیا ہے جس کے لیے وہ 80 ملین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ گروپ جس میں مائیکروسافٹ کے سی ای او ستیہ ناڈیلا، ایڈوب کے سی ای او شانتنو نارائن اور دیگر شامل ہیں۔ یہ دی ہنڈریڈ میں اوول انوینسیبلز یا لندن اسپرٹ میں سے کسی ایک ٹیم کو خریدنے کا خواہشمند ہے۔
مذکورہ ٹیمیں اپنے کرکٹ تجربے اور اہمیت کے باعث تمام ممکنہ خریداروں کی توجہ کا مرکز ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) فی الحال دی ہنڈریڈ کے حصص کی فروخت کے حوالے سے انتہائی محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں اور اس میں سرمایہ کاروں کی حتمی فہرست کا اعلان چند ماہ میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے دی ہنڈریڈ کو 2021 میں متعارف کرایا تھا۔ یہ 100 گیندوں پر مشتمل کرکٹ کا منفرد فارمیٹ ہے اور مختصر دورانیے کا ہونے کے باعث لاکھوں شائقین کو اب تک اپنی جانب راغب کر چکا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *