پاک فوج اور ایف سی نے بگن کا کنٹرول سنبھال لیا
لوئر کرم(قدرت روزنامہ)پاک فوج اور ایف سی نے لوئر کرم بگن اور گرد نواح کا کنٹرول سنبھال لیا ہے علاقہ میں کرفیو کا سماں ہے کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لوئر کرم کے علاقہ بگن بازار اور گردونواح میں پاک فوج اور ایف سی اہلکاروں نے کنٹرول سنبھال لیا ہے، کسی کو بھی باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے اور کرفیو نافذ ہے۔
دوسری طرف علاقہ میں فوج نے فریقین کے مورچوں سے مسلح افراد کو ہٹا کر اپنے قبضہ میں لے لئے ہیں، وتیزی قبیلے کا کہنا ہے کہ وہ کسی صورت میں بھی بگن اور گردونواح میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے اور نہ نقل مکانی کریں گے۔
واضح رہے کہ اس سلسے میں گزشتہ روز 6 قبائل کے لوگوں کا صدہ شہر میں احتجاجی مظاہرہ بھی ہوا تھا، مظاہرہ کے دوران مقررین نے مطالبہ کیا تھا کہ حکومت کو یکطرفہ آپریشن کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
بگن چار خیل کے علاقے میں 21 نومبر کو مسافروں کے قافلے پر فائرنگ میں 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے، جس کے بعد کرم ایجنسی کے علاقے اپر کرم، بگن اور پارا چنار میں حالات کشیدہ ہوگئے تھے، اس دوران فریقین کے مابین مسلح تصادم میں کئی درجن افراد جاں بحق ہوئے۔