ژوب: پاک افغان سرحد سے در اندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارجی ہلاک
18اور19 جنوری کی رات سکیورٹی فورسز نے سمبازہ سے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، آئی ایس پی آر
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ژوب میں پاک افغان سرحد کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی کوشش کرنے والے 5 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ پاکستان نے زور دیا کہ افغان عبوری حکومت مؤثر بارڈر منیجمنٹ کو یقینی بنائے اور اپنی سرزمین کا اس کے خلاف استعمال روکے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 جنوری کی رات پاک افغان سرحد پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ کے قریب سیکیورٹی فورسز کی طرف سے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت دیکھی گئی، اس پر سیکیورٹی فورسز نے بھرپور اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دراندازی کی یہ کوشش ناکام بنادی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 5 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز ہر قسم کی دراندازی روکنے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کی مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز مادر وطن کے دفاع کے لیے پر عزم ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان مسلسل عبوری افغان حکومت سے کہتا آ رہا ہے کہ وہ اپنی سرحد پر مؤثر سرحدی انتظام کو یقینی بنائے۔
عبوری افغان حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔
ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم کی کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ژوب میں فتنتہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد سرحد پار سے پاکستان داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے ۔
وزیراعظم نے کارروائی میں 5 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پرسیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ پاک افواج سرحدوں کی حفاظت کے لئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
صدر مملکت کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کو ضلع ژوب میں پاک افغان بارڈر پر دراندازی ناکام بنانے پر خراج تحسین کیا ہے۔
صدر مملکت نے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا اور کارروائی کے دوران 5 خوارج جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی۔
آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
صدر آصف زرداری نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کی پاک فوج کی صلاحیتوں کی تعریف
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں سرحد پار سے خوارج کی پاکستان میں داخلے کی کوشش ناکام بنانے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی فورسز اپنے ملک کے دفاع کو کے لیے ہر دم تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فورسز کے بہادر جوانوں نے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک ملاتے ہوئے مادر وطن کی حفاظت کی، جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں۔