حکومت عوام کیلئے رحمت کے بجائے زحمت بن چکی: مفتاح اسماعیل

لاڑکانہ( قدرت روزنامہ ) سابق وزیر خزانہ اور سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے لئے رحمت کے بجائے زحمت بن چکی ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق لاڑکانہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ملک میں چالیس فیصد عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی بسر کر رہے ہیں، دو کروڑ 65 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، سندھ کو وفاق سے ملنے والے اربوں روپے کہاں جاتے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام صابن، گھی اور دیگر اشیاءپر اپنی جیب سے 25 فیصد ٹیکس ادا کرتے ہیں، عوام کو حکومت سے کوئی فائدہ نہیں، حکومت عوام کے لئے رحمت کے بجائے زحمت بن چکی ہے، جب میں وزیر خزانہ تھا تو انکم ٹیکس 15 فیصد کیا جو اب بڑھ کر 49.50 ہو چکا ہے۔
سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بجلی اور گیس سری لنکا، انڈونیشیا، ملائشیا، ساوتھ افریقہ، کینیا، ایتھوپیا سے بھی مہنگی ہے، بانی پی ٹی آئی نے اپنی حکومت میں نیب، نیب کھیل کر سیاست کی اور اپنے مخالفین کو جیلوں میں ڈالا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جو سزا ہوئی ہے وہ ٹھیک ہے، بشری بی بی کو سزا دینا سمجھ سے بالاتر ہے ان کے پاس حکومتی عہدہ نہیں تھا، پی ٹی آئی بیرونی ملک سے لابنگ اور دوسری جانب حکومت سے مذاکرات بھی کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا مثبت عمل دخل نہیں رہا، امریکا چاہے تو ہمیں آئی ایم ایف کے قرضوں سے نکلوا سکتا ہے، سندھ میں 18 سال سے پی پی، 13 سال سے پنجاب میں ن لیگ اور کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے لیکن حکومتوں کو عوام کا کوئی اداراک نہیں۔
سیکرٹری جنرل عوام پاکستان پارٹی نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی حکمرانی ناکام ہو چکی ہے، ن لیگ کو چاہئے تھا کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرتی، ملک میں مہنگائی اتنی بڑھ چکی ہے کہ عام اشیاءعوام کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *