بائیڈن اقتدار کا آخری دن، معافی پانے والے قیدیوں میں عافیہ صدیقی شامل نہیں
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) امریکی صدر جو بائیڈن اپنے نے اقتدار کے آخری روز امریکی جیلوں میں قید مزید 5 افراد کے لیے عام معافی کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان کی خاتون قیدی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی اپیل کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقتدار کے آخری روز امریکی صدر جو بائیڈن نے 5 قیدیوں کی سزا معاف یا کم کر دی ہے، بائیڈن نے 2 قیدیوں کی سزاؤں کی مدت تبدیل کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق معافی پانے والوں میں مارکس موسیہ، ڈیرل چیمبرز، رویداتھ راگبیر، کیمبا اسمتھ اور ڈان لیونارڈ نامی قیدی شامل ہیں، رابن پیپلز اور مشیل ویسٹ کی سزاؤں میں کمی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں ایک متنازع عدالتی فیصلےکے باعث 86 سالہ سزا پانے والی پاکستان کی ڈاکٹر عافیہ نے ہفتہ کے روز امریکی صدر جوبائیڈن سے معافی کی درخواست کی تھی۔
برطانوی ٹیلی ویژن ’اسکائی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق عافیہ صدیقی کے وکیل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی نے اپنی اپیل میں کہا ہے کہ ‘ میں ناانصافی کا شکار ہوں، مجھے امید ہےکہ میں بھلائی نہیں گئی اور ایک دن مجھے رہا کر دیا جائےگا، میرے لیے ہر دن اذیت ہے جو کہ آسان نہیں ہے۔