قطار نہ انتظار، کراچی کے شہریوں کے لیے نادرا کی نئی سروس متعارف

کراچی (قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کراچی کے شہریوں کو قطار اور انتظار کی پریشانی سے بچانے کے لیے اپنی ایک نئی سروس کا آغاز کیا ہے۔
حکام کے مطابق، نادرا کراچی ریجن کی جانب سے شہر میں بائیکرز سروس متعارف کروائی جارہی ہے۔ اس نئی سروس کا آغاز کل (پیر) سے ہوگا، جس کی بدولت کراچی کے شہری نادارا کی دیگر سروسز کے علاوہ قومی شناختی کارڈ کا باآسانی اجرا اور اس کی تجدید کرا سکیں گے۔
حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر کراچی میں 3 نادرا بائیکرز کام کریں گے، جب کہ حیدرآباد اور میرپورخاص میں سروس کے لیے ایک ایک بائیک ہوگی، جلد ہی مزید 10 بائیکس شامل کی جائیں گی۔
بائیکر سروس کے بارے میں حکام نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نمائندوں کو ضروری پروسیسنگ آلات پر مشتمل بیک بیکس سے فراہم کیے جائیں گے۔ گھر پر سروس کا انتخاب کرنے والے شہریوں سے 1000 روپے اضافی فیس وصول کی جائے گی جس میں سروس کے 825 روپے اور ڈیلیوری چارجز کے طور پر 175 روپے شامل ہیں۔
قبل ازیں، نادرا نے 17 جنوری سے اپنی ویب سائٹ کو بند کرنے اور تمام سروسز کو موبائل ایپ پر منتقل کرنے اور 3 نئے ریجنل دفاتر کے قیام کا فیصلہ کیا تھا۔
جمعرات کو ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا کہ نادرا کی پاک آئی ڈی ویب سائٹ بند کردی جائے گی اور اب تمام سروسز موبائل ایپ کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔