بھارت نہ آسٹریلیا، گواسکر نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی میں فیورٹ قرار دے دیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہورہی ہے جبکہ بھارت اپنے تمام میچز یو اے ای میں کھیلے گا۔
سابق بھارتی کرکٹر سنیل گاوسکر نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کے لیے فیورٹ قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنے میدانوں پر کھیلنے کا بڑا فائدہ حاصل ہوگا۔
ایک انٹرویو کے دوران سنیل گواسکر نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کیلئے میزبان ٹیم پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جانا چاہیےکیونکہ کسی بھی ٹیم کو ان کے اپنے ملک میں ہرانا بہت مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم نے شاندار کارکردگی دکھائی تھی ، فائنل میں بھلے ہارا لیکن اس سے پہلے ایونٹ میں مسلسل 10میچز جیتے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں شریک ہوں گی جو 2 گروپوں میں تقسیم ہیں۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر15 میچز کھیلے جائیں گے۔
گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں افغانستان، جنوبی افریقا، انگلینڈ اور آسٹریلیا شامل ہیں۔
میزبان پاکستان 19 فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ 23 فروری کو دبئی میں شیڈول ہے۔