کالعدم تنظیم کا احتجاج: پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ
لاہور (قدرت روزنامہ)کالعدم تنظیم کے احتجاج کے معاملے پرپنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ سامنے آگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرزکی پنجاب میں تعیناتی کے معاملے پر پنجاب حکومت نے رولز آف انگیجمنٹ طے کر لیے ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب رینجرزکی پنجاب میں تعیناتی کا مکمل ذمہ دار ہو گا۔ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کو پاکستان رینجرز کے ماتحت کر دیا گیا ہے، رینجرز اور پولیس کو شر پسند مظاہرین کے خلاف فائر اور متناسب طاقت کے استعمال کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔حکومت نے فیصلہ کیا ہےکہ رینجرزاورپولیس کو شر پسند عناصر، پُر تشدد ہجوم یا مظاہرین کی جانب سے حملے یا حملے کے خطرے کی صورت میں طاقت اور فائرنگ کے اختیارات ہونگے۔ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم کے مظاہرین گوجرانوالہ کی حدود میں داخل ہوگئے ہیں جبکہ ان کا قافلہ گوجرانوالہ ٹول پلازہ کے قریب پہنچ گیا ہے۔
احتجاجی مظاہرین نے اپنا سفر آج صبح کامونکی سے شروع کیا ،اسلام آباد کی طرف جانیوالے احتجاجی مارچ کا سفر جاری ہے۔ذرائع کے مطابق کارکنان نے علی الصبح دھرنے کے مقام سے ناشتے کے بعد تازہ دم ہوکر سفر کا آغاز کیا۔واضح رہےکہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے راستہ روکنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کی تھی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کالعدم تنظیم کے مطالبات ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ پولیس والوں کو مارنا سیاسی کارکنان کا نہیں دہشتگردوں کا کام ہے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست کی رٹ قائم رکھی جائے گی۔حکومت نے لانگ مارچ روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جہلم پل پر رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ کالعدم تنظیم کے مظاہرین کو کسی صورت جہلم سے آگے نہیں آنے دینا چاہیئے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو سعودی عرب کی جانب سے مالی معاونت پر بریفنگ دی گئی ، کابینہ کو کالعدم تنظیم سے متعلق مذاکرات پر بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کابینہ کو کالعدم تنظیم کے ساتھ موجودہ ڈیڈ لاک سے آگاہ کیا ، کابینہ کو معاملے سے متعلق قانونی امور سے بھی آگاہ کیا۔کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ جانی و ملکی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو رعایت نہیں دینی چاہیے۔کابینہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔