جنوری کا آخری ہفتہ سرد رہے گا، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردارکردیا


کراچی (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے پیشگوئی کی ہے کہ جنوری کے آخری ہفتے میں کراچی میں سردی کی شدت برقرار رہے گی، اور آنے والے دن مزید سرد ہو سکتے ہیں۔
آج شائع ہونے والی نجی ٹی وی جیونیوز کی رپورٹ کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ شہر کے ٹمپریچر میں 23 اور 24 جنوری کے درمیان کمی کا خدشہ ہے۔رواں ماہ کے آخری ایام میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے بھی نیچے جا سکتا ہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ جنوری کا آخری ہفتہ سرد رہے گا اور فروری کے پہلے ہفتے میں بھی ٹھنڈی ہوائیں چل سکتی ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے اور بلوچستان میں برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس جنوری کے آغاز سے ہی کراچی کے باسیوں کو سرد موسم کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ سردی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔سردی کے باعث گرم کپڑوں اور خشک میوہ جات کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے، اور لوگ خریداری کے مراکز کا رخ کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرد موسم نے شہریوں کی روزمرہ کی زندگی کو متاثر کیا ہے، اور بہت سے لوگ وقت بے وقت گھروں سے باہر جانے سے گریز کر رہے ہیں، عوام کی بڑی تعداد سردی سے بچنے کیلئے اپنا زیادہ وقت گھر میں گزارنا پسند کرتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *