28 سال بعد ریلیز ہونیوالی پہلی پاکستانی سندھی فلم کا پریمیئر بھارت میں ہوگا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں 28 سال کے طویل وقفے کے بعد تیارکردہ سندھی زبان کی پہلی فلم ’سندھو جی گونج‘ یعنی ’انڈس ایکو‘ جے پور فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے، جہاں اس فلم کا پریمیئر 21 جنوری کو ہوگا۔
جے پور فلم فیسٹیول میں ’سندھو جی گونج‘ کے پریمیئر کو پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جارہا ہے کیونکہ 1997 کی آخری سندھی فلم ’ہمت‘ کے بعد پاکستان میں بننے والی یہ پہلی سندھی فلم ہے۔
ہدایت کار راہول اعجاز کی فیچر سندھی فلم ’سندھو جی گونج‘ عنقریب پاکستانی سینماؤں میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، اس فلم کیمکہانی پانچ متوازی کہانیوں کے ذریعے ایک زبردست مرکزی کہانی بیان کرتی ہے۔
فلم ’سندھو جی گونج‘ کی کہانی خطے کے ثقافتی ورثے کی علامت طاقتور دریائے سندھ اور اس کے ارد گرد آباد لوگوں کے گرد گھومتی ہے، راہول اعجاز کے مطابق، طاقتور دریائے سندھ کی استعاراتی اہمیت ثقافتی اور تاریخی حوالوں سے اس فلم کی محرک رہی ہے۔
’فلم خوبصورتی سے کہانیاں بیان کرتی ہے، جس میں سندھ کے قدرتی حسن کو دکھایا گیا ہے۔‘
فلم ’سندھو جی گونج‘ کی تیاری میں 3 مختلف فلم اسٹوڈیوز نے بین الاقوامی اشتراک کیا ہے، جس میں جنوبی کوریا کی فلم این چپس میڈیا پروڈکشنز، شام فلمز، اور بگ میٹا فلمز شامل ہیں۔
’سندھو جی گونج‘ فلم پاکستان، جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش کے درمیان مشترکہ پروڈکشن ہے، جو پاکستانی سنیما کی عالمی رسائی کی غمازی کرتی ہے، اس فلم کے ایگزیکٹو پروڈیوسر شمعون عباسی ہیں۔
سندھو جی گونج کا ورلڈ پریمیئر کراچی میں 16 جنوری کو سِنے پیکس سینما میں پہلے ہی ہوچکا ہے، پاکستانی شائقین بھی اینتھم فلمز کے ذریعے پاکستان بھر کے سینما گھروں نمائش کا انتظار کر رہے ہیں، اس ضمن میں حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
جے پور فلم فیسٹیول میں ’سندھو جی گونج‘ کا نمائش کے لیے پیش کیا جانا سندھی فلم انڈسٹری میں ایک نئے باب کا آغاز بھی ثابت ہوگی جس سے ثقافتوں اور کہانیوں کو دنیا بھر کی سرحدوں کو پار کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *