صدر ٹرمپ کی حلف برداری کے بعد ایلون مسک پر نازی سلیوٹ دینے کا الزام
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کو سراہتے ہوئے ٹیک ارب پتی ایلون مسک اپنی تقریر کے دوران جرمن نازی سلیوٹ سے مشابہہ اشارہ کرنے کے بعد تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔
پیر کو ریپبلکن کے 47ویں امریکی صدر کے طور پر حلف اٹھانے کے چند گھنٹے بعد ٹرمپ کے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے 4 نومبر کو منعقدہ امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کو ایک غیر معمولی فتح قرار دیا۔
ایلون مسک نے واشنگٹن ڈی سی میں کیپیٹل ون ایرینا میں اپنے خطاب میں امریکیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا دایاں ہاتھ اپنے سینے پر مارا اور اپنی ہتھیلی کو نیچے اور انگلیوں کو ایک ساتھ رکھتے ہوئے اوپر کی جانب اپنے بازو کو ہوا میں بلند کیا۔
ٹیسلا اوراسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک، جنہیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ میں حکومتی کارکردگی کے نام نہاد محکمے کی قیادت کرنے کا فریضہ سونپا گیا ہے، مذکورہ بالا سلیوٹ کرنے کے بعد اپنے پیچھے مجمع کا سامنا کرنے کے لیے مڑے اور ایک مرتبہ پھر وہی سلیوٹ دہرایا۔
ایلون مسک کے اس متنازع عمل کی سوشل میڈیا پر فوری جانچ پڑتال شروع کردی گئی، جہاں کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ان پر الزام لگایا کہ وہ جرمن ڈکٹیٹر اَڈولف ہٹلر سے وابستہ بدنام زمانہ سیگ ہیل سلیوٹ دینے کے مرتکب ہوئے ہیں۔
برطانوی صحافی اور مبصر اوون جونز نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ ایمانداری سے یہ (ایلون مسک کا سلیوٹ) اس سے زیادہ نازی سلیوٹ کی طرح نظر نہیں آ سکتا۔
ایلون مسک کے متنازع سلیوٹ پر اسرائیلی میڈیا میں بھی تنقید کی گئی ہے، معروف اسرائیلی اخبار ہارٹز نے کہا کہ ایلون مسک نے اپنے خطباتی تبصرے کو ’رومن سلیوٹ‘کے ساتھ ختم کرتے دکھائی دیے، جو عام طور پر نازی جرمنی سے وابستہ ایک فاشسٹ سلیوٹ ہے۔
نازی سلیوٹ نہیں‘
دوسری جانب نے سوشل میڈیا صارفین بشمول اینٹی ڈیفیمیشن لیگ، جو کہ یہود دشمنی کی مخالفت کے لیے وقف سب سے نمایاں تنظیموں میں سے ایک ہے، نے ایلون مسک کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ارب پتی ایلون مسک نے جوش کے ایک لمحے میں ایک عجیب و غریب اشارہ کیا تھا، نازی سلیوٹ نہیں۔
اینٹی ڈیفیمیشن لیگ نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ اس لمحے میں تمام فریقوں کو ایک دوسرے کے ساتھ تھوڑا خیرسگالی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، شاید شک کا فائدہ دیتے ہوئے ایک گہرا سانس لینا چاہیے۔
یہ ایک نئی شروعات ہے، آئیے شفا یابی کی امید رکھیں اور آنے والے مہینوں اور سالوں میں اتحاد کی جانب پیش رفت کریں۔‘
ایلون مسک کی سیاست تیزی سے امریکی دائیں بازو کی جانب جھکتی ہوئی نظر آئی ہے، جب گزشتہ برس جولائی میں وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مکمل حمایت میں اس وقت سامنے آئے تھے جب بحیثیت صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اپنے اوپر ایک قاتلانہ حملے میں بچ گئے تھے۔
رواں ماہ کے اوائل میں ارب پتی ایلون مسک نے جرمنی کے انتہائی دائیں بازو کے متبادل کے رہنما ایلس ویڈل کی پارٹی کی فروری کے قومی انتخابات میں حمایت کا اعلان کرنے کے بعد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہیں انٹرویو بھی کیا تھا۔