فہد مصطفیٰ نے ڈرامہ ’کبھی میں کبھی تم‘ کی موٹر سائیکل کو نیلام کردیا

کراچی(قدرت روزنامہ)پروڈیوسر و اداکار فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے اپنے مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ میں استعمال ہونے والے موٹر سائیکل کو نیلام کر دیا ہے۔

فہد مصطفیٰ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اسکرین پر صارفین کے دلوں کو جیتنے کے بعد مصطفیٰ کی موٹر سائیکل جو فلم ’کبھی میں کبھی تم‘ کا حصہ تھی، اب ایک نیک مقصد کے لیے محبت کی علامت بن چکی ہے کیونکہ ہم نے اسے انڈس اسپتال کے لیے نیلام کیا ہے جس سے حاصل رقم عطیہ کر دی گئی۔ اداکار نے مزید لکھا کہ انڈس اسپتال کا شکریہ کہ انہوں نے ہمیں یہ موقع دیا۔

انڈس اسپتال کراچی کے لیے نیلام کی گئی موٹر سائیکل کی پوسٹ پر صارفین کی جانب سے فہد مصطفیٰ کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے اور لوگ ان کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں۔

واضح رہے’کبھی میں کبھی تم‘ ڈرامے کو کہانی اور کرداروں کی وجہ سے کافی سراہا گیا تھا، اس کی مقبولیت نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک میں بھی دیکھی گئی۔

ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ ساتھ ہانیہ عامر، جاوید شیخ، بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ، اریج چوہدری اور عماد عرفانی سمیت دیگر اداکاروں نے کام کیا۔ ڈرامے میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا جبکہ عماد عرفانی نے فہد مصطفیٰ کے لالچی بھائی کا روپ دھارا جو دولت کی خاطر ہانیہ عامر سے شادی کرنے سے انکار کردیتے ہیں، جس کے بعد فہد مصطفیٰ ان سے شادی کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *