سیف علی خان پر چاقو سے حملہ: ملزم سے متعلق نیا تہلکہ خیز انکشاف سامنے آ گیا
ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے معروف اداکار سیف علی خان پر حملے کے الزام میں گرفتار بنگلادیشی ملزم کے بارے میں نیا تہلکہ خیز انکشاف سامنے آ گیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سیف علی خان پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار بنگلادیشی ملزم محمد شہزاد جب بنگلادیش میں مقیم تھا تو قومی سطح پر ریسلنگ چیمپئن تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ممبئی پولیس کا خیال ہے کہ ملزم ریسلنگ چیمپئن ہونے کی وجہ سے ہی سیف علی خان اور گھر کے دیگر ملازمین کو اپنے قابو میں کرنے میں کامیاب رہا۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں سیف علی خان پر ان کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران ان پر چاقو سے 6 بار حملہ کیا گیا اور حملہ آور انہیں زخمی کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
جس کے بعد ممبئی پولیس کی نشاندہی پر حملہ آور کو 19 جنوری کو چھتیس گڑھ میں چلتی ٹرین سے حراست میں لیا گیا۔